سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کارروائیاں، 32 دہشت گرد ہلاک

  • بدھ 29 / جولائی / 2026

سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلیجنس بنیادوں پر مشترکہ کارروائیوں کے دوران 32 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ ان عناصر کا تعلق  فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان  سے تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم  عناصر کے خلاف جاری آپریشنز کے تسلسل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔28 اور 29 جولائی کی درمیانی شب ضلع خیبر میں متعدد انٹیلیجنس بنیادوں پر علاقے کی کلیئرنس اور ٹارگٹڈ آپریشن کیے گئے، جن کے دوران سکیورٹی فورسز نے مختلف دہشتگرد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔

اسی دوران بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی انٹیلیجنس بنیادوں پر متعدد کارروائیاں کی گئیں، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگرد مارے گئے۔ کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرکے تباہ کر دیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔