پاکستان اور چین کی افواج علاقائی امن و استحکام کیلئے شانہ بشانہ ہیں: فیلڈ مارشل

  • ہفتہ 01 / اگست / 2026

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی حقیقی شراکت دار ہیں۔ دونوں ملکوں کی دوستی بدلتے علاقائی و عالمی حالات کے باوجود ہمیشہ مضبوط رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 99ویں سالگرہ کی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی۔اس خصوصی تقریب میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور پیپلز لبریشن آرمی کو اس کے قیام کی 99ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں پی ایل اے کی نمایاں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کی مضبوطی پر روشنی ڈالتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی منفرد، آزمودہ اور وقت کی کسوٹی پر پوری اترنے والی ہے، جو بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود ہمیشہ مضبوط رہی ہے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی حقیقی شراکت دار ہیں، جن کا رشتہ باہمی اعتماد، غیر متزلزل تعاون اور خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سٹریٹجک مفادات کے تحفظ کے عزم پر قائم ہے۔

چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے یادگاری تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل کا دلی شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی نمایاں خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔ اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زائی نے پاکستان کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان ہر موسم کی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔