آزاد کشمیر الیکشن کا دوسرا مرحلہ، 20 نشستوں پر پولنگ

  • اتوار 02 / اگست / 2026

آزاد کشمیر الیکشن کے دوسرے مرحلے میں سے 20 حلقوں پر پولنگ کا عمل  مکمل ہوئی جبکہ ایک حلقہ ایل اے 27 مظفر آباد ون میں پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔ الیکشن کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق پولنگ کے عمل کا آغاز صبح 8 بجے ہوگیا ہے جو کہ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔مظفر آباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹ کاسٹ کئے  گئے۔مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔ مظفرآباد ڈویژن میں 208 اور مہاجرین کی نشستوں پر 143 امیدوار مد مقابل ہیں۔

حکام کے مطابق مجموعی طور پر 12 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنے حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ووٹنگ کے عمل کیلئے 1483 پولنگ سٹیشنز اور 2219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، 3 انتخابی حلقوں ایل اے 28، ایل اے 29 اور ایل اے 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 جماعتیں اور ان کے علاوہ آزاد امیدوار بھی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ضلع مظفرآباد کی 5 نشستوں پر 4 لاکھ 80 ہزار 219 ووٹرز، ضلع نیلم کی 2 نشستوں کیلئے ایک لاکھ 51 ہزار 911 ووٹرز، جبکہ جہلم ویلی کی 2 نشستوں پر ایک لاکھ 77 ہزار 500 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں انتخابات ہوں گے، اس سلسلہ میں تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ایل اے 27 مظفر آباد ون میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پولنگ ملتوی کر دی گئی، بارش اور لینڈسلائیڈنگ کے باعث پولنگ کا عملہ نہ پہنچ سکا۔

آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 27 کے ملتوی الیکشن 4 اگست کو ہوں گے، چیف الیکشن کمشنر آزاد کمشیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارش اور لینڈسلائیڈنگ سے انتخابی عمل کے حلقے میں نہ پہنچنے کے باعث پولنگ ملتوی کی گئی۔ پیپلزپارٹی کے اعتراضات پر کارروائی کر کے انہیں آگاہ کر دیا گیا۔

ملک بھر میں کشمیری مہاجریں کی 12 نشستوں پر بھی پولنگ جاری ہے۔گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، پسرور، نارووال، قصور، علی پور چٹھہ، منڈی بہاؤ الدین، فیروزوالا میں بھی ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، ملتان، بہاولنگر اور لاڑکانہ میں بھی  ووٹ ڈالے گئے ۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی دھاندلی کا الزام عائد کر دیا۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ الیکشن کمیشن اب تک آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں ہماری شکایات پر کوئی کارروائی کرنے میں ناکام رہا ہے۔ اگر نوٹس لے لیا جاتا تو آج ہونے والے دوسرے مرحلے کے انتخابات کی ساکھ بحال ہوسکتی تھی۔