آزاد کشمیر الیکشن کے دوسرےمرحلے میں بھی ن لیگ کا پلہ بھاری رہا

  • سوموار 03 / اگست / 2026

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی الیکشن کا دوسرا مرحلہ بھی مسلم لیگ (ن) کے نام رہا، 20 میں سے 19 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آ گئے، جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) 14جبکہ پیپلزپارٹی 5 حلقوں میں کامیاب ہوئی۔ مہاجرین کی 12 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کی تمام 10 نشستوں پر کامیابی  حاصل کی۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مظفر آباد ڈویژن کے 8 حلقوں اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔ حلقہ ایل اے 27 میں خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث انتخابی عملہ اور پولنگ سامان بروقت نہ پہنچ سکا، جس کے باعث حلقے کے تمام 196 پولنگ سٹیشنوں پر انتخابات ملتوی کر دیئے گئے۔

پیپلز پارٹی نے انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے۔ تاہم اسے مسلم لیگ (ن) یا الیکشن کمیشن ماننے پر تیار نہیں۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کی تکمیل کے بعد مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل ہوگئی ہے۔عوامی مینڈیٹ کی بنیاد پر آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوگی۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر امیر مقام کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کی 20 نشستوں پر دوسرے مرحلے کے انتخابات مکمل ہوئے، جن میں مسلم لیگ (ن) نے 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں میں سے 7 پر انتخابی عمل مکمل ہوا، جبکہ مجموعی طور پر 45 نشستوں میں سے اب تک 26 پر مسلم لیگ (ن) کامیاب ہو چکی ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انتخابات سے قبل دھاندلی کے الزامات عائد کر رہی تھی، تاہم اب انہیں قوم کو بتانا چاہیے کہ انتخابات شفاف تھے یا نہیں۔ دھاندلی کے الزامات کے ثبوت مانگے گئے تو پہلے 13 پولنگ سٹیشنز کا دعویٰ کیا گیا، پھر یہ تعداد کم ہو کر 4 اور بعد ازاں صرف 2 پولنگ سٹیشنز تک محدود رہ گئی۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ کراس فائرنگ میں ملوث افراد کے نام متعلقہ اداروں کے پاس موجود ہیں، جبکہ ان کے بقول شہر میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر ہنگامہ آرائی کی، جس سے مسلم لیگ (ن) کو انتخابی نقصان پہنچا۔