ایران تنازعہ کو وسیع نہیں کرنا چاہتا: مسعود پزشکیان
ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ان کا ملک اپنی علاقائی سالمیت کا دفاع کرے گا، تاہم تنازع کو وسعت دینے کا ارادہ نہیں۔ ایکس پر ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کی جانب سے صدر مسعود پزشکیان کی گفتگو کا ایک ویڈیو کلپ جاری کیا گیا ہے۔
ارنا کے مطابق صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران کو ایسا معاشرہ قائم کرنے پر کام کرنا چاہیے جو دشمن کو مداخلت، در اندازی یا ملک میں تقسیم پیدا کرنے کا کوئی موقع نہ دے۔
بی بی سی فارسی کے مطابق ایرانی ذرائع ابلاغ نے صدر مسعود پزشکیان کے ایک ویڈیو بیان کے حصے نشر کیے ہیں جن میں ایران کے صدر کہتے ہیں کہ ’میں استعفیٰ نہیں دوں گا اور ڈٹا رہوں گا۔‘ اس ویڈیو میں پزشکیان نے کہا کہ ’ہم فوجی دستوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔‘
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق موجودہ صورتحال، بشمول جنگ سے متعلق واقعات پر پزشکیان کی گفتگو کی مکمل ویڈیو اور متن جلد جاری کیا جائے گا۔ گزشتہ روز پزشکیان نے کہا تھا کہ ایران ’اپنی حدود اور خود مختاری کا دفاع کرتا ہے، لیکن جنگ کو وسعت دینے کا خواہاں نہیں۔‘
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، تاہم تہران نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت طے نہیں کی گئی۔