وزیر داخلہ نے شہباز شریف حکومت کی مدت پوری ہونے کا دعویٰ کردیا
نظام ناکام ہوجانے کے چند روز بعد ہیئ وزیر داخلہ محسن نقوی نے دعویٰ کیا ہے کہ شہباز شریف کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ یہ بات انہوں نے صحافیوں سے ایک غیر رسمی بات چیت میں کہی۔
محسن نقوی کی جانب سے صرف دو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اچانک ایک اور بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔ اس دوران انہوں نے خواجہ آصف کی جانب سے کی جانے والی تنقید کا جواب بھی دیا اور وزیراعظم شہباز شریف کے حوالے سے بھی چند باتیں کیں۔
گزشتہ روز وزارتِ داخلہ کی عمارت سے نکلتے ہوئے چند صحافیوں کے ساتھ بات چیت میں حکومت کے مستقبل کے متعلق پوچھے ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’یہ حکومت پانچ سال پورے کرے گی، شہباز شریف پانچ سال بطورِ وزیراعظم اپنا ٹائم پورا کریں گے‘۔
جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ آپ کی پرفارمنس پر سوال اٹھ رہے ہیں تو محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’میں نے پرفارمنس پر وزیراعظم کو جواب دینا ہے اور میں نے وزیراعظم سے صرف یہ درخواست کرنی ہے کہ تھرڈ پارٹی سے جانچ پڑتال کروائیں، تمام وزارتوں کی پرفارمنس کی ان سے جانچ کروائیں اور نتیجہ عوام کے سامنے رکھیں تاکہ سب کو پتا ہو کہ کون سی وزارت کتنا پرفارم کر رہی ہے۔‘ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’میرا خیال ہے میری حاضری 70 فیصد کے قریب ہے۔‘
یاد رہے وفاقی وزیرِ داخلہ کے ’نظام ڈھے چکا ہے‘ والے بیان کے بعد انہیں حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس پر پیغام میں محسن نقوی کو پارلیمان اور کابینہ کا فورم استعمال کرنے کا مشورہ دیا تھا اور طنزاً لکھا تھا کہ ’سسٹم میں تبدیلی کا آغاز اپنی وزارت سے کریں۔‘