آزاد کشمیر میں انتخابات کے تیسرے مرحلے میں متعدد حلقوں میں انتخاب ملتوی

  • جمعہ 07 / اگست / 2026

آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے بی بی سی سے گفتگو میں تصدیق کی ہے کہ راولاکوٹ اور پلندری کے سات حلقوں میں انتخابات ملتوی کر دیے گئے ہیں، جبکہ چار حلقوں میں پولنگ اپنے شیڈول کے مطابق 10 اگست کو منعقد ہو گی۔

چیف الیکشن کمشنر کے مطابق ملتوی کیے جانے والے حلقوں سے متعلق حتمی فیصلہ مختلف درخواستوں اور زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔ واضح رہے کہ ضلع باغ کے تین اور ضلع حویلی کے ایک حلقے میں انتخابی مقابلہ خاص اہمیت اختیار کر گیا ہے، جہاں ایک موجودہ وزیراعظم اور دو سابق وزرائے اعظم میدان میں ہیں۔

دوسری جانب جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کو مختلف علاقوں کی مجموعی صورتحال سے متعلق متعدد درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں انتخابات کے التوا کی استدعا کی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق موصول ہونے والی درخواستوں اور متعلقہ اداروں سے حاصل کی گئی معلومات کا جائزہ لینے کے بعد بعض حلقوں میں انتخابی عمل ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ دیگر حلقوں میں پولنگ شیڈول کے مطابق 10 اگست کو کرائی جائے گی۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کمیشن آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے آئینی و قانونی ذمہ داریوں کے مطابق اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور تمام فیصلے عوامی مفاد اور انتخابی عمل کی شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے ووٹرز، امیدواروں اور سیاسی جماعتوں سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی اور انتخابی عمل میں تعاون کی اپیل بھی کی ہے۔