امریکہ ایران پر سخت ترین مالی پابندیاں لگائے گا: وزیر خزانہ

  • جمعہ 14 / اگست / 2026

امریکہ کے سیکرٹری مالیاے اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ امریکہ ایران کو تنہا کرنے کے لیے ایسی معاشی پابندیاں لگانے والا ہے جو آج سے پہلے کبھی عائد نہیں کی گئیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق، جمعرات کے روز نیوز میکس کے پروگرام ’روب شمٹ ٹونائٹ‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے بیسنٹ نے کہا تھا کہ اگلے ہفتے تک مزید اعلانات کا انتظار کریں۔’ہم ایسے اقدامات نافذ کرنے جا رہے ہیں جو کسی ملک کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ معاشی دباؤ اور کسی ملک کو تنہا کرنے کا ایسا مجموعہ ہو گا جو دنیا نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔  آبنائے ہرمز میں جاری ناکہ بندی بھی برقرار رہے گی، جس کے نتیجے میں ایران کی بندرگاہوں کی جانب کسی چیز کا آنا یا وہاں سے جانا ممکن نہیں رہے گا۔‘

یاد رہے کہ امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے فاکس نیوز سے بات کرتے ہوئے جمعرات کے روز کہا تھا کہ امریکی فوج کے پاس اتنے وسائل موجود ہیں کہ وہ ایران کی بحری ناکہ بندی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھ سکتی ہے۔

اس دوران متحدہ عرب امارات نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے دو آئل ٹینکروں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بحری قزاقی کی کارروائی قرار دیا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے ابو ظہبی نیشنل آئل کمپنی سے وابستہ دو جہازوں کو نشانہ بنایا۔

تاحال ان جہازوں کو پہنچنے والے نقصان کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔  ان حملوں کے نتیجے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

بی بی سی فارسی کے مطابق ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر یہ اس نوعیت کا دوسرا حملہ ہے۔