انڈونیشیا میں زلزلہ سے بیس افراد ہلاک متعدد زخمی

  • ہفتہ 15 / اگست / 2026

انڈونیشیا میں ہفتہ کی علی الصبح 7.7 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں اب تک کم از کم 20 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ متعدد افراد زضمی بھی ہوئے ہیں۔

ملک کے قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے کے مطابق زلزلے کے باعث ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد ابتدائی ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ زلزلے اور اس کے بعد آنے والے درجنوں آفٹر شاکس کے باعث علاقے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

انڈونیشیا کی محکمہ موسمیات و جیو فزکس ایجنسی کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق ہفتہ کی صبح پانچ بجے کے قریب جزیرے فلوریس میں آیا۔ زلزلے کی گہرائی 15 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

ماؤمیرے بندرگاہ سے سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انٹرآئی لینڈ فیری پر سوار ہونے کے منتظر مسافروں کے اوپر ٹرمینل کی عمارت سے کنکریٹ کے بڑے ٹکڑے گر رہے ہیں۔ جہاز تک پہنچنے والا گینگ وے منہدم ہونے کے باعث بعض افراد سمندر میں جاگرے۔