آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 6 نشستوں پر ن لیگ کامیاب، پی پی 2 سیٹیں جیتی
مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں میں چھ حاصل کر لی ہیں۔ مسلم لیگ ن کو خواتین کی تین، علما و مشائخ ، سمندر پار مقیم کشمیریوں اور ٹیکنو کریٹ کی ایک ایک اضافی نشست مل گئی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کو خواتین کی دونشتیں ملیں۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خواتین کی مخصوص نشستوں کیلئے مریم زمان، مریم ادریس، سحرش قمر اور سمندر پار مقیم کشمیریوں کی مخصوص نشست عبد الرحمان آرائیں ، ٹیکنوکریٹ سید افتخار علی گیلانی جبکہ علما و مشائخ کی نشست پر مولانا مظہر سعید کامیاب ہوگئے۔
ن لیگ کی امیدوار رفعت عابد اور پی پی پی کی زوبیہ خورشید کو پانچ، پانچ برابر ووٹ ملے، جس کے بعد ٹاس پر پی پی پی کی امیدوار ذوبیہ خورشید کامیاب ہوئی، اس سے قبل فرزانہ یعقوب بھی پی پی پی کی طرف سے مخصوص نشست پر کامیاب ہوگئیں۔مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے خواتین امیدواروں کے مری میں انٹرویوز بھی کئے تھے۔
مسلم لیگ (ن) نے حالیہ آزاد کشمیر عام انتخابات میں 45 براہِ راست نشستوں میں سے 25 نشستیں حاصل کر کے سب سے بڑی پارلیمانی جماعت کا اعزاز حاصل کیا اور مزید 6 نشتیں ملنے کے بعد قانون ساز اسمبلی میں ن لیگ 31 ممبران کے ساتھ پہلے جبکہ پیپلز پارٹی 14 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئی۔
مخصوص نشستوں کے نتائج کے بعد ایوان میں مسلم لیگ (ن) کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی اور عوامی دست و بازو کے رکن اسمبلی ساجد عباسی کی حمایت کو ملا کر ن لیگ کے ارکان اسمبلی کی تعداد 32 ہوگئی۔