فیلڈ مارشل کا دورہ کامیاب، نتائج جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے: ایرانی صدارتی دفتر
ایرانی حکومت نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حالیہ دورے کو نتیجہ خیز اور سود مند قرار دے دیا۔ ایرانی صدارتی دفتر سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایران کا دورہ انتہائی نتیجہ خیز رہا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے میں قابلِ قدر سفارتی کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
ترجمان سید مہدی طباطبائی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل دورے کے نتائج جلد ہی سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ادھر وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے دورہ ایران میں اہم پیشرفت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ ملاقات انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز رہی۔
وفاقی وزیر نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ہماری گفتگو کا محور ایران اور امریکا کے درمیان تنازع، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور آئندہ کا لائحۂ عمل تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی بحالی کے لیے دونوں جانب سے درکار اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جو تنازع کے جامع حل کی جانب پیش رفت کا باعث بن سکتے ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ایران کے صدر نے کھل کر اپنی حکومت کا مؤقف اور خدشات ہمارے سامنے رکھے، جبکہ متعلقہ امور پر ہمارے درمیان تعمیری اور مفید گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے دوران اہم پیش رفت ہوئی اور بات چیت انتہائی مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت مستقبل میں مزید مثبت اقدامات کی راہ ہموار کرے گی اور خطے میں دیرپا امن کے قیام میں مددگار ثابت ہو گی۔ قبل ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں رہبرِ اعلیٰ کے نمائندے محسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف، ایرانی وزیرِخارجہ و ایرانی وزیر داخلہ سے ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے جلد خاتمے کیلئے اقدامات پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے علاقائی امن اورتنازعات کے مذاکرات کے ذریعے حل کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی قیادت نے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور تنازع کے پرامن حل میں سہولت کاری کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔