چین، ایران پر امریکی پابندیوں کی مزاحمت کرے گا
ایران کے خلاف امریکہ کی نئی پابندیوں کے بعد بیجنگ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے گا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لن جیان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ ’چین متعدد بار واضح کر چکا ہے کہ وہ غیر قانونی یکطرفہ پابندیوں کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ چین اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔‘ یاد رہے کہ چین ایران کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔
امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے ایران کے خلاف عائد کی گئی نئی پابندیوں کو ’تاریخ کی سب سے بڑی مالیاتی کارروائی‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایران کے خلاف اس اقدام کو ’اقتصادی ڈی ڈے‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ تمام معاشی روابط منقطع کر دے گا۔
انہوں نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ مالی شراکت داری رکھنے والے ممالک کو بھی عالمی اقتصادی نظام سے الگ تھلگ کر دیا جائے گا۔
اس دوران امریکی محکمہ خزانہ نے پاسدارانِ انقلاب کے پانچ سینیئر عہدیداروں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر تک کے انعامات کی پیشکش کی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ سے وابستہ ’ریوارڈز فار جسٹس‘ اکاؤنٹ نے ایکس پر جاری ایک پیغام میں لکھا کہ ’یہ افراد پاسدارانِ انقلاب کی اُن یونٹس کی کمان کرتے ہیں جنہوں نے مسلح حملوں کے ذریعے امریکی اہلکاروں کو نشانہ بنایا اور تباہ کن سائبر کارروائیوں کے ذریعے اہم تنصیبات کو ہدف بنایا۔‘
اس فہرست میں پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر احمد وحیدی، خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر کے کمانڈر علی عبداللہی اور پاسدارانِ انقلاب کے سائبر شعبے کے کمانڈر حمید رضا لشگریان شامل ہیں۔
فہرست میں سعید آقاجانی اور مجید خادمی کے نام بھی شامل ہیں۔ سعید آقاجانی پاسدارانِ انقلاب کی فضائی و خلائی فورس کے سابق کمانڈر تھے جبکہ مجید خادمی پاسدارانِ انقلاب کے انٹیلیجنس کمانڈر تھے۔ دونوں حالیہ جنگ کے دوران مارے گئے تھے۔