اسلام آباد یادداشت پر عملدرآمد سے مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں: ایرانی صدر

  • اتوار 30 / اگست / 2026

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اندرونی اتحاد کے ساتھ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد سے ایران کو اپنے مسائل پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی اثنا کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ حکومت کا ماننا ہے کہ اگر اندرونی اتحاد کی بنیاد پر ہم اس مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کریں، جسے ملک کی عزت و وقار اور ترقی کی فکر رکھنے والے تمام افراد نے منظور کیا ہے، تو ہم ان مسائل پر قابو پا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد سے امریکا اور اسرائیل کو خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے سے روکا جا سکے گا، جبکہ خطے کے ممالک اتحاد اور تعاون کے ذریعے استحکام اور ترقی کی راہ پر آگے بڑھ سکیں گے۔ایرانی صدر پزشکیان نے تہران کی جانب سے ایک متحد سیاسی مؤقف اختیار کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ حکومت کے تینوں شعبوں کے سربراہان اور سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے درمیان رابطہ اور ہم آہنگی بہتر ہوئی ہے۔

پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران جنگ نہیں چاہتا، تاہم کسی بھی جارحیت کے خلاف پوری قوت سے کھڑا ہوگا، کوئی بھی طاقت ایرانی قوم کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کر سکتی، ایران نے جنگ شروع نہیں کی اور نہ ہی وہ جنگ کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تہران دھمکیوں اور دباؤ کے سامنے سر نہیں جھکائے گا، ایرانی قوم اپنے دفاع اور قومی خود مختاری کے تحفظ کیلئے متحد ہے، خطے میں امن و استحکام کا قیام ایران کی ترجیحات میں شامل ہے، عالمی امن اور پائیدار استحکام کا آغاز خطے سے ہونا چاہیے۔

ایرانی صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کیلئے مؤثر کردار ادا کیا جائے، تاکہ مزید تنازع سے بچا جاسکے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اعتراف کیا ہے کہ امریکی پابندیاں ملک کی معیشت کو نقصان پہنچا رہی ہیں، کچھ لوگ کہتے ہیں کہ پابندیوں کا بالکل کوئی اثر نہیں، ایسے لوگوں سے میں واقعی نہیں جانتا کہ کیا کہوں، ہم جنگ کی صورتِ حال میں ہیں اور ہمیں جنگ کے ان حالات کو قبول کرنا ہوگا۔