پاکستان کا کرغزستان کے ساتھ تجارت 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار

  • بدھ 02 / ستمبر / 2026

پاکستان نے کرغزستان کے ساتھ تجارت 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ خوش آئند ہے، تجارتی حجم بڑھانے کیلئے قوانین کو مزید بہتر بنائیں گے۔

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی،وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژا پاروف بھی تقریب میں موجود تھے۔تقریب میں پاکستان اور کرغزستان کی خارجہ امور کی وزارتوں کے درمیان تعاون کے پروگرام سے متعلق دستاویز کا تبادلہ کیا گیا۔ انسٹیٹوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد اور کرغز نیشنل انسٹیٹیوٹ فار سٹریٹجک انیشی ایٹوز کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ ہوا۔

دونوں ملکوں کے درمیان ٹرانزٹ تجارت کے حوالے سے معاہدہ جبکہ تعلیم کی وزارتوں کے درمیان تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ کیا گیا۔دونوں ملکوں کے درمیان منشیات، نشہ آور اشیا اور سمگلنگ کی روک تھام کیلئے تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور کرغز وزارت صحت کے درمیان طبی تعلیم کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ ہوا۔

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان سائنسی اور تکنیکی تعاون کا معاہدہ بھی ہوا، دونوں ملکوں کے درمیان ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشت، چیمبرز آف کامرس میں تجارت کے فروغ کیلئے تعاون کا معاہدہ کی دستاویز کا بھی تبادلہ کیا گیا، ورچوئل اثاثہ جات کے شعبے میں تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ ہوا۔

لاہور اور کرغز شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے کے معاہدے کی دستاویز کا معاہدہ بھی کیا گیا۔نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور کرغز نیشنل انسٹیٹیوٹ فار سٹریٹجک انیشی ایٹوز کے درمیان تحقیق کے شعبے میں ایم او یو  پر دستخط ہوئے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر ژاپاروف نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کئے، دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اعلامیے کی دستاویز کا تبادلہ کیا۔کرغزستان کے صدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شاندار میزبانی پر صدر کرغزستان کا شکر گزار ہوں، جمہوریہ کرغز کے یوم آزادی پر کرغزستان کی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتا ہوں، جمہوریہ کرغز کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط دوطرفہ تعاون کے فروغ کا آغاز ہے، دوطرفہ مذاکرات میں تجارتی تعلقات کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی، دوطرفہ تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور جمہوریہ کرغز کی حکومتوں اور نجی شعبے کے درمیان تجارتی تعلقات کی وسعت میں مدد دیں گے، دونوں ملکوں کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ خوش آئند پیشرفت ہے، دونوں ممالک تجارتی حجم بڑھانے کے لئے قوانین کو مزید سہل بنائیں گے۔

اس موقع پر صدر کرغزستان صادر ژا پاروف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان کے ساتھ برادارانہ تعلقات ہیں، پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں، دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح رابطوں کو مزید فروغ دیا جائے گا، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔

بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف کو صدارتی محل آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، کرغزستان کی مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے وزیراعظم کو سلامی دی۔

اس موقع پر کرغز صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے وفد کے ارکان سے تعارف بھی کرایا، جبکہ وزیراعظم نے بھی کرغز صدر سے پاکستانی وفد کے ارکان کا تعارف کرایا۔