نیپال تبت میں سیلاب سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1400 تک پہنچ گئی
نیپال اور تبت میں نو روز قبل آنے والے تباہ کن اچانک سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں اور لاپتہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق دونوں علاقوں میں مجموعی طور پر 1301 افراد ہلاک جبکہ 5339 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔
نیپالی پولیس کی تازہ رپورٹ کے مطابق ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 1280 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 4798 افراد کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ دوسری جانب تبت میں حکام نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 21 ہو گئی ہے، جبکہ 541 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔ لاپتہ ہونے والوں میں کم از کم 34 مختلف ممالک کے سینکڑوں غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں، جس کے باعث یہ سانحہ بین الاقوامی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
دریں اثنا نیپال میں امدادی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ مختلف ہائیڈرو پاور منصوبوں کی کم از کم چھ سرنگوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے، جہاں 150 سے زائد افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ امدادی ٹیمیں لاپتا افراد کی تلاش اور ممکنہ زندہ بچ جانے والوں کو نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ جمعہ کو تریشولی 3 اے ہائیڈرو پاور منصوبے کی سرنگ سے دو کارکنوں کو نو روز بعد زندہ نکال لیا گیا تھا، جس کے بعد دیگر پھنسے افراد کے اہل خانہ میں بھی امید کی نئی لہر پیدا ہوئی ہے۔