ایران میں جوہری صلاحیت کے بارے میں مشکوک سرگرمیوں کے الزامات

  • جمعرات 10 / ستمبر / 2026

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کا کہنا ہے کہ اسے ایران میں واقع پک ایکس ماؤنٹین میں تعمیراتی سرگرمیوں کے آثار نظر آئے ہیں۔

پک ایکس ماؤنٹین وہ مقام ہے جہاں سکیورٹی سخت انتظامات دیکھنے میں آئے ہیں اور اس مقام کو ایران کی جوہری سرگرمیوں سے بھی جوڑا جاتا رہا ہے۔

آئی اے ای اے کو سرنگوں پر مشتمل اس کمپلیکس کا معائنہ کرنے کی اجازت نہیں ملی ہے۔ تاہم اس کے سربراہ رافیل گروسی نے نشریاتی ادارے بلومبرگ کو بتایا ہے کہ سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر میں اس مقام پر تعمیراتی سرگرمیوں اور نقل و حرکت کے آثار نظر آئے ہیں۔

پک ایکس ماؤنٹین تہران کے جنوب میں واقع ایران کے مرکزی یورینیم افزودگی پلانٹ کے قریب ہے۔ اس سے قبل گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تہران کو محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ پک ایکس ماؤنٹین کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

ٹرمپ نے ریپبلکن پارٹی کے مڈٹرم کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے بدھ کو کہا تھا کہ ’ہم نے دیکھا ہے کہ پک ایکس میں کچھ سرگرمی ہو رہی ہے۔ میں ایران کو مشورہ دوں گا کہ زیادہ چالاکی نہ دکھائے کیونکہ پھر ہمیں ان پر بہت سخت حملہ کرنا پڑے گا۔‘

ٹرمپ کم از کم جولائی کے وسط سے پک ایکس ماؤنٹین پر حملوں کی دھمکیاں دیتے آ رہے ہیں۔