ججز کو دباؤ سے آزاد کرنے کیلئے کوڈ آف کنڈکٹ میں تبدیلی کر دی: چیف جسٹس

  • ہفتہ 12 / ستمبر / 2026

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ انصاف کی بروقت فراہمی ضروری ہے۔ تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں، عوامی اعتماد وراثت میں نہیں ملتا، یہ دیانت داری سے حاصل ہوتا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ججز بہترین انداز میں انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں، ضلعی عدالتیں نظام انصاف میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی عدالتوں اور ہائیکورٹ کے درمیان رابطہ کاری مزید مضبوط کرنا ہوگی، ضلعی عدالتیں انصاف کی فراہمی کیلئے درکار فہرست ہمیں بھجوائیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک بھر میں جامع نظام انصاف کیلئے عدلیہ کی ضروریات پوری کی جائیں گی، ہم نے عدالتی ضابطہ اخلاق میں اصلاحات متعارف کرائی ہیں، ایمانداری سے فرائض انجام دیں۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ عدالتوں کو سولر نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے، عدلیہ کو انٹرنیٹ کی بہترین سہولت فراہم کی جائے گی، عدالتوں کو ای لائبریریز کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تمام تحصیلوں اور اضلاع میں بنیادی ضروریات پر کام جاری ہے، خواتین اور بچوں کیلئے سہولت مراکز کی فراہمی پر کام جاری ہے، تھرپارکر کی تحصیل نگرپارکر میں سولر سمیت تمام سہولیات موجود ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ مجھے ماتحت عدلیہ پر فخر ہے، ملک بھر کے جوڈیشل افسران کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ججز کو بیرونی دباؤ سےآزاد کرنے کیلئے کوڈ آف کنڈیکٹ میں تبدیلی کی گئی، جج کو بیرونی دباؤسے آزاد کرنے کیلئے پوری عدلیہ ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے اعتماد کیلئے ماتحت عدلیہ کے ججز کو با اختیار بنانا عدلیہ کا مقصد ہے۔ ماتحت عدلیہ کے ججز مشکلات کے باوجود اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں۔ عدلیہ میں سولر، انٹرنیٹ، صاف پانی کی سہولیات فراہمی میں صوبائی حکومت کے تعاون پر مشکور ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ میں بہتری کیلئے ایکسس ٹو جسٹس کے تحت رواں سال 3 ارب سے زائد کے فنڈز جاری کیے گئے۔ ماضی میں ایکسس ٹو جسٹس پروگرام کے تحت 20 سالوں میں صرف 900 ملین جاری ہوئے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بلوچستان کے 18 اضلاع میں بھی سولر پانی انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے، بلوچستان کے جو اضلاع راہ گئے ہیں وہاں ایک ماہ میں سہولیات فراہم کردی جائے گی۔