کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملے کے بعد کلیئرنس آپریشن مکمل، تمام دہشت گرد ہلاک
کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملہ کے بعد جاری آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔سکیورٹی فورسز نے آپریشن میں تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔گزشتہ روز سے جاری آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے کامیابی سے کارروائی مکمل کرلی۔
سی ٹی ڈی کے ایڈیشنل آئی جی نے آپریشن کی خود قیادت کی، گزشتہ شب دہشت گردوں نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پر دستی بم سے حملہ کیا تھا۔ دستی بم حملے میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کے بازو پر زخم آیا تھا۔ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ طبی امداد کے بعد دوبارہ آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔
کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملہ اور فائرنگ کے تبادلے میں شہداءکی تعداد 23 ہوگئی ہے۔شہدا میں ایس پی، ڈی ایس پی اور انسپکٹر سمیت متعدد پولیس اہلکار شامل ہیں۔آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 8 دہشتگرد مارے گئے ہیں، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل کر کے اہم عمارات کلیئر کرلی گئیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایلیٹ فورس کمانڈوز، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن مکمل کیا۔خودکش بمبار قانون کے رکھوالوں کو نشانہ بنانے کی کوشش میں ناکام رہا۔آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید خود جائے وقوعہ پر موجود رہے، انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، آر پی او اور ڈی پی او نے آپریشن کی قیادت کی، اس موقع پر جی او سی کوہاٹ بھی موجود رہے۔ انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا نے جوانوں کے لیے انعامات کا بھی اعلان کیا۔
خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مسجد پر دھماکے کے بعد کچھ شدت پسند سپیشل برانچ کی عمارت میں داخل ہو گئے تھے، جس کے بعد پولیس، ایلیٹ فورس، کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سکیورٹی فورسز نے کارروائی شروع کی۔‘
پولیس کے مطابق رات بھر جاری رہنے والے آپریشن کے بعد عمارات کے اہم حصوں کو کلیئر کر لیا گیا ہے۔ آپریشن کے دوران شدت پسندوں کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پر گرینیڈ حملہ بھی کیا گیا، جس میں وہ زخمی ہوئے۔