عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ 3 ایم پی او کے تحت گرفتار

  • اتوار 20 / ستمبر / 2026

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔خاندانی ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو پولیس نے لاہور سے گرفتار کیا۔

بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کو لٹن روڈ تھانے کی پولیس نے اس گرفتار کیا جب وہ اپنے ڈرائیور کے ہمراہ جم خانہ جا رہی تھیں۔بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جائے گا، ان کی گاڑی لٹن روڈ تھانے میں کھڑی ہے۔ان کو تین ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیا۔

بی بی سی کے مطابق  لاہور میں ڈپٹی کمشنر نے تصدیق کی ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کو تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔ ادھر علیمہ خان کے رشتہ دار قاسم زمان خان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ لاہور میں علیمہ خان کو لاہور جم خانہ کے باہر سے حراست میں لیا گیا ہے اور انہیں کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اطلاعات ہیں کہ ڈی سی نے نقصِ امن کے خدشات پر پولیس کو علیمہ خان کے ڈیٹنشن آرڈر جاری کیے جس پر پولیس نے یہ کارروائی کی ہے۔ تاحال لاہور پولیس نے اس معاملے پر تبصرہ نہیں کیا ہے۔ خیال رہے کہ 27 ستمبر کو پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد 13 ستمبر کو صوبہ پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی۔

اس دوران  وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اب معاشی استحکام سے معاشی ترقی کی جانب سفر کر رہا ہے۔  ایسے میں احتجاج اور دھرنوں سے معیشت کو یومیہ 120 ارب روپے کا نقصان ہوگا۔اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مارچ اور ہڑتالوں سے معاشی ترقی کا سفر رک سکتا ہے۔موجودہ حالات میں مارچ اور دھرنے سمجھ سے بالاتر ہیں، معاشی سرگرمیوں میں تعطل سے اربوں روپے کا نقصان ہو سکتا ہے، دھرنوں اور احتجاج سے نقصان کا اثر عوام پر پڑے گا، دیہاڑی دار طبقہ اور چھوٹے کاروبار بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے مشرق وسطی کی صورتحال کا اثر پڑ رہا ہے۔ سپلائی چین میں خلل، فریٹ اور انشورنس اخراجات میں اضافہ عالمی تجارت کو متاثر کر رہا ہے، اخراجات میں کمی لائی جا رہی ہے۔