علیمہ کے بعد نورین نیازی اور عظمیٰ خان بھی 30 روز کیلئے نظر بند

  • سوموار 21 / ستمبر / 2026

 عمران خان کی بہن علیمہ کے بعد عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو بھی نظربند کر دیا گیا ہے۔ع عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو ڈپٹی کمشنر لاہور کے احکامات پر تھری ایم پی او کے تحت تیس دن کے لیے نظر بند کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے علیمہ خان کی رہائش گاہ سے ان کی بہنوں اور بھانجوں کو حراست میں لیا اور انہیں بکتر بند گاڑی کے ذریعے منتقل کیا گیا۔عظمیٰ اور نورین خان کو اہل خانہ سمیت رات گئے گرفتار کیے جانے کے بعد بچوں اور دیگر اہلخانہ کو چھوڑ دیا گیا۔دونوں بہنوں کو 30 روز کے لیے نقصِ امن کے خطرے کے پیش نظر جیل بھجوایا گیا۔

اس سے قبل پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کو اپر مال سے جم خانہ جاتے ہوئے گرفتار کر کے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا تھا۔لٹن روڈ پولیس نے علیمہ خان کو تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لیا جبکہ ان کی ذاتی گاڑی کو تھانے میں کھڑا کر دیا گیا۔

 اس دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی تیاری کر رہی ہے۔ ابھی بھی ان کے پاس وقت ہے بند گلی میں نہ جائیں، وفاقی دارالحکومت پر دھاوا بولنے کی کوشش کرنے والوں کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پر دھاوا بولنے کا کسی کو فائدہ نہیں ہوگا، اس بار یہ نہیں ہوگا کہ وہ آئیں اور ملک 10 سے 20 روز کیلئے بند ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مشورہ ہے اپنا اور اپنے لوگوں کا نقصان نہ کریں۔ سومنات والی بڑھکوں سے فرق نہیں پڑتا، لانگ مارچ کیلئے آتے ہیں تو اس دفعہ کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پھر بھی دھرنے کیلئے آتی ہے تو اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عمل کریں گے، پی ٹی آئی والوں کو خود معلوم نہیں کہ ان کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر ان کا مطالبہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے چیک اپ کا ہے تو وہ کل رات بھی ہوا، بانی پی ٹی آئی کے علاج کیلئے قانون کے مطابق ہر چیز کریں گے۔ ان کے کہنے پر بانی کا چیک اپ نہیں ہوگا۔ پی ٹی آئی والوں کو بانی کے چیک اپ سے متعلق بتانے کی ضرورت نہیں۔ بڑھکیں مارنے والوں کو بولنے دیں۔