افغانستان میں ڈرونز کے اسٹور اور لانچ کرنے والے 10 مقامات پر پاک فضائیہ کے حملے

  • جمعرات 24 / ستمبر / 2026

وفاقی وزیر  اطلاعات عطاللہ تارڑ نےنے بتایا  ہےکہ  پاکستان نے اپنے دفاع کے حق کے استعمال میں افغانستان میں ایسے 10 مقامات پر درست اور محدود فضائی و ڈرون حملے کیے ہیں جہاں سے یہ ڈرونز لانچ کیے جاتے تھے اور ذخیرہ کیے جاتے تھے۔ یہ حملے درست، متناسب اور محدود نوعیت کے تھے اور صرف ان مخصوص فوجی اہداف تک محدود رہے جو پاکستان کے خلاف ہونے والے حملوں کی کوشش سے براہِ راست منسلک تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان 23 ستمبر 2026 کو افغان سرزمین سے پاکستان میں ڈرونز کے ذریعے کی جانے والی دانستہ اور غیر قانونی دراندازی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ یہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی اور جارحیت کی ایک سنگین اور ناقابلِ قبول کارروائی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان گزشتہ کئی برسوں سے افغان طالبان حکومت اور اس کے متعلقہ فریقوں کو افغان سرزمین پر دہشت گردوں کی پناہ گاہوں اور ان کے معاون نیٹ ورکس کی مسلسل موجودگی کے بارے میں اپنی شدید تشویش سے آگاہ کرتا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے والے عناصر کے خلاف ان نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور قابلِ اعتماد و قابلِ تصدیق اقدامات کرنے کے بجائے، افغان طالبان حکومت نے پاکستان کے خلاف دشمنانہ ڈرون کارروائیوں کے ذریعے صورتِ حال کو مزید کشیدہ کرنے کا راستہ اختیار کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے تمام درانداز ڈرونز کا بروقت سراغ لگایا، انہیں ٹریک کیا اور ان کے اپنے متعین اہداف تک پہنچنے سے قبل ہی انہیں ناکارہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں حملے کی کوشش کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان افغان سرزمین سے ہونے والے حملوں کو، خواہ وہ دہشت گرد گروہوں کی جانب سے ہوں یا خود افغان طالبان حکومت کی جانب سے، نہ قبول کرے گا اور نہ برداشت کرے گا، پاکستان کی خودمختاری کی کسی بھی خلاف ورزی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان افغان طالبان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فوری طور پر پاکستان کے خلاف تمام دشمنانہ سرگرمیاں بند کرے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر، ٹھوس، قابلِ تصدیق اور مستقل اقدامات کرے،  افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف حملے کرنے یا دشمنانہ کارروائیاں انجام دینے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔