آبنائے ہرمز میں ایرانی میزائل سے آٹھ امریکی میرینز زخمی

  • سوموار 28 / ستمبر / 2026

مختلف خبررساں ایجنسیوں کی اطلاعات کے مطابق ایرانی اینٹی شپ کروز میزائل نے دو ہفتے قبل آبنائے ہرمز میں ایک ایسے بحری جہاز کو نشانہ بنایا جس پر سوار آٹھ امریکی میرینز زخمی ہوگئے تھے۔

انادولو ایجنسی کے مطابق این بی سی نیوز نے تین امریکی حکام کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق میرینز کو شدید نوعیت کے زخم نہیں آئے، تاہم انہیں دھوئیں کے باعث سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور دماغی چوٹ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ انہیں سر درد سمیت ایسی علامات محسوس ہوئیں جو دماغ کو لگنے والے جھٹکے سے مشابہ تھیں۔

زخمی ہونے والے آٹھ میرینز میں سے سات نچلے رینک کے اہلکار تھے جبکہ آٹھواں ایک افسر تھا۔ امریکی حکام کے مطابق 14 ستمبر کو ہونے والے حملے کے کچھ ہی عرصے بعد تمام آٹھ میرینز دوبارہ اپنی ڈیوٹی پر واپس آگئے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائل نے جس وقت بحری جہاز کو نشانہ بنایا، اس وقت یہ میرینز ایک بٹالین لینڈنگ ٹیم کے حصے کے طور پر اس پر موجود تھے۔

امریکی حکام کے مطابق، مذکورہ جہاز امریکی بحریہ کا جنگی جہاز نہیں تھا تاہم انہوں نے اس کی نوعیت یا قسم بتانے سے گریز کیا اور اسے صرف ایک بحری جہاز قرار دیا۔