ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی جھوٹ کا بھانڈا پھوڑ دیا
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہےکہ 29 ستمبر کو بھارت نے ایک اور فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچایا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے یہ دعویٰ 29 ستمبر کو کیا گیا۔
بھارتی کور نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ایک دہشت گرد مارا گیا ہے، دعویٰ کیا گیا کہ لشکر طیبہ کے دہشت گرد کی لاش بھی مل گئی ہے۔ دہشت گرد کا نام محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ بتایا گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت نے دعویٰ کیا ہے کہ محمد آصف ایس ایس جی کا حوالدار ہے، بھارتی کور نے بعد میں کہا کہ ہلاک دہشت گرد موسیٰ عرف آصف فوجی ہے، بھارت نے دعویٰ کیا ہے کہ سپرمین آصف نے مختلف علاقوں میں حملے کیے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ پاک فوج کے سپاہی، جن سے متعلق بھارت پروپیگنڈا کرتا رہا، یہاں موجود ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے سپرمین محمد آصف کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا۔محمد آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے پتا چلا کہ مجھے بھارت نے شہید کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے مجھ پر جھوٹا اور گھناؤنا الزام لگایا، شہادت کی من گھڑت خبر کے بعد مجھے فون کالز موصول ہونا شروع ہوگئیں۔
محمد آصف نے کہا کہ میں ضلع اٹک کے شہر پنڈی گھیپ کا رہائشی ہوں، 2023 میں ایس ایس جی سے ریٹائرڈ ہوا ہوں، وطن کی خاطر بہادری سے لڑا ہوں اور آئندہ بھی وطن کی خدمت کے لیے حاضر ہوں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے بےبنیاد اور من گھڑت الزامات کی شدید مذمت کرتا ہوں، حیرانی ہوئی کہ میں اپنے گھر میں ہوں، کس نے شہید کر دیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کیلئے دہشت گرد تنظیموں کو سپانسر کرتا ہے، بھارت کی مکتی باہنی، ٹی ٹی پی کو فنڈنگ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، بھارت کی مکتی باہنی، ٹی ٹی پی کو فنڈنگ سب کے سامنے ہے۔نریندر مودی سمیت تمام انتہا پسند ہندو حکام ریاستی سطح پر کی جانے والی دہشت گردی کو فخریہ بیان کرتے ہیں، بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی پھیلانے کا مرکز بن چکا ہے، بھارت دنیا کی سب سے بڑی دہشت گرد ریاست ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کشمیری عوام خود دنیا کے سامنے لارہے ہیں، بھارت دہائیوں سے پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے فالس فلیگ آپریشنز کررہا ہے، مقبوضہ وادی دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج کا ہندوستان اب انکاؤنٹراستان بن چکا ہے، ہمارا سوال ہے کہ ریٹائرڈ حوالدار محمد آصف سے متعلق بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کیوں کیا؟
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ گودی میڈیا کا ایجنڈا صرف اور صرف اپنے انتہا پسند ہندو آقا کو خوش کرنا ہے، بدقسمتی سے ہمارا ایک ایسا ہمسایہ ہے جو اپنے سیاسی عزائم کیلئے صرف جھوٹ بیچتا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا ہمسایہ زندہ محمد آصف کو دہشت گرد قرار دے کر مارنے کا دعویٰ کرتا ہے، دشمن کے ہر اقدام کیلئے مکمل تیار ہیں، یقین دلاتے ہیں کہ اس دفعہ کا ہمارا جواب بڑا دردناک ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی گھناؤنی شکل سب کو نظر آگئی ہے، بھارت دنیا کو امن کی آشا کے گیت سناتا تھا، خود دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے۔