ملتان میں عوامی سہولتوں کے منصوبے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر 25 ایکڑ پر محیط جناح پارک میں جدید منی تھیم پارک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ ایک دہائی بعد جناح پارک میں جدید تفریحی منصوبے کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے جس سے شہریوں، بالخصوص بچوں اور خواتین کو جدید تفریحی سہولیات میسر آئیں گی۔

منصوبے کی تکمیل کے لیے ایک سال کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ تعمیراتی کام چار مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ سنگ بنیاد کی تقریب میں سینئر سیاستدان بابر حسین، شوکت بوسن، ڈاکٹر اختر ملک، شہزاد مقبول بھٹہ، رائے منصب، شیخ طارق رشید اور جاوید اختر انصاری سمیت ایڈیشنل آئی جی کامران خان، کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم اور ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی سید وسیم حسن نے شرکت کی۔ تقریب میں صنعت کاروں صحافیوں اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے کہا کہ جناح پارک کو جدید منی تھیم پارک کی صورت میں بحال کرنا شہریوں کو معیاری تفریح فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ بچوں اور فیملیز کے لیے جدید رائیڈز اور تفریحی سرگرمیوں پر مشتمل منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس سے شہر میں تفریحی سہولیات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری، خوبصورتی میں اضافے اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔

کمشنر عامر کریم خاں نے بتایا کہ تھیم پارک کا منصوبہ ڈیڑھ سے دو سال کی منصوبہ بندی اور محنت کا نتیجہ ہے۔ منصوبے کا تھری ڈی ڈیزائن تیار کرنے کے بعد مختلف شعبوں کے ماہرین سے مشاورت کی گئی اور شفاف طریقہ کار کے تحت ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ افسران روایتی امور سے آگے بڑھ کر اپنے علاقوں کی بہتری، شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے کام کریں۔ جناح پارک کی بحالی اور شہر میں جاری ترقیاتی و تزئین و آرائش کے منصوبے اسی وژن کا حصہ ہیں۔ ایچ اے، متعلقہ نجی کمپنی اور ضلعی انتظامیہ باہمی تعاون سے منصوبے کو جدید تقاضوں کے مطابق مکمل کریں گے، جبکہ ڈپٹی کمشنر ملتان تعمیراتی کام کی نگرانی اور مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائیں گے۔

کمشنر نے مزید کہا کہ سرکاری ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے واضح حکمت عملی، مستقل مزاجی اور عزم ضروری ہے۔ شہریوں کو بہتر انفراسٹرکچر، معیاری تفریحی سہولیات اور بنیادی خدمات فراہم کرنا انتظامیہ کی ترجیح ہے۔ جناح پارک کی جدید انداز میں بحالی سے ملتان میں تفریح کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی سید وسیم حسن نے شہر کی خوبصورتی کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملتان کے مختلف مقامات پر ماہرانہ کام کے ذریعے تزئین و آرائش کی گئی ہے۔ کچہری فلائی اوور، نو نمبر فلائی اوور، گلگشت اور مختلف تعلیمی اداروں کی دیواروں کو خوبصورت بنایا گیا ہے۔ خواتین یونیورسٹی، مسلم اسکول، ایمرسن یونیورسٹی اور ایجوکیشن یونیورسٹی کی دیواروں پر بھی فن پاروں کے ذریعے شہر کے حسن میں اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملتان کی رات کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے مختلف فلائی اوورز پر آرائشی لائٹس نصب کی جا رہی ہیں۔ چوک کمہاراں اور نشتر فلائی اوور پر کام کیا گیا ہے، جبکہ کچہری، نو نمبر اور رشید آباد سمیت دیگر مقامات پر بھی لائٹنگ کے منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے۔ یہ سب کمشنر ملتان جناب عامر کریم خان کی رہنمائی اور خصوصی دلچسپی کی وجہ سے ہوا ہے۔ شہر کو ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے مختلف فلائی اوورز، چوراہوں اور پارکس میں ڈیجیٹل اسکرینز نصب کرنے کا منصوبہ بھی شروع کیا گیا ہے، جسے ایک ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مزید نو مقامات کی نشاندہی کرکے ان پر کام کے لیے حکومت پنجاب سے فنڈز کی فراہمی کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی وسیم حسن نے کہا کہ جناح پارک منی تھیم پارک کا منصوبہ شفاف انداز میں مکمل ہوگا۔

25 ایکڑ پر محیط جناح پارک کی بحالی اور جدید تفریحی سہولیات کی فراہمی سے شہریوں کو ایک نیا تفریحی مقام میسر آئے گا۔