باڑہ میں حالات معمول پر آنے کا دعویٰ
پولیس نے دعویٰ کای ہے کہ اب باڑہ میں صورت حال قابو میں ہے۔ گزشتہ روز اس علاقے میں تحریک انصاف کے احتجاج کی وجہ سے پولیس و مظاہرین میں تصادم ہؤا تھا۔
خیبر کے علاقے باڑہ بازار میں بدھ کے روز بھی کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رہنے کی اطلاعات ہیں۔ بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق باڑہ کے علاقے میں آج صبح سے کچھ دوکانیں کھلیں تاہم پولیس نے وہ دوکانیں بند کرا دی ہیں۔
ایک مقامی تاجر نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ خود بھی اب بازار سے واپس جا رہے ہیں ۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز باڑہ میں پرتشدد مظاہروں کی اطلاعات تھیں تاہم پھر پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ ’شرپسند عناصر نے بد امنی پھیلانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے باڑہ میں 50 کے قریب شرپسند عناصر کو گرفتار کر لیا ہے۔‘
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ باڑہ میں صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور وہاں کوئی پولیس اہلکار اغوا نہیں ہوا۔ ترجمان خیبر پختونخوا پولیس نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ بے بنیاد افواہوں پر کان نہ دھریں، باڑہ صورتحال مکمل قابو میں ہے۔
ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور امن و امان خراب کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف دہشت گردی، تخریب کاری اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔