دشمن کی غلطی کا جواب اس کے تصور سے بڑھ کردیا جائے گا: جنرل عامر رضا

  • ہفتہ 17 / اکتوبر / 2026

کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ سرحد پار سے ہونے والی دراندازی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔پاکستان ملٹری اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ کیڈٹس ملکی سلامتی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔عملی زندگی کے آغاز میں آپ کو ہر روز چیلنجز کا سامنا ہو گا۔

پاکستان کی اسٹریٹجک کمانڈ کے سربراہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی غلط اندازے کا جواب ایسا دیا جائے گا دشمن کے تصور سے کہیں بڑھ کر سخت ہوگا۔ ہماری سرحدوں کے پار ملک دشمن عزائم رکھنے والوں کے لیے ہمارا مؤقف دوٹوک اور غیر متزلزل ہے۔ جوہری ہتھیاروں سے لیس ماحول میں تصادم یا جنگ کی کوئی گنجائش نہیں۔ اور کسی بھی غلط اندازے کا جواب ایسا دیا جائے گا جو اس کا آغاز کرنے والے کے تصور یا اندازے سے کہیں بڑھ کر ہوگا۔

جنرل عامر رضا نے کہا کہ کیڈٹس عملی زندگی میں پیش آآنے والے چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کریں۔ دیانت داری، بہادری اور جرات قیادت کے اہم اصول ہیں، خواتین کی شرکت باعث افتخار ہے، افواجِ پاکستان نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے پاکستان کا ثالثی کردار دنیا بھر نے دیکھا۔ خطے کی حالیہ کشیدہ صورتحال میں پاکستان نے عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کیا۔

 کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ نے کہا کہ ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان کی سرحدیں مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ پاکستان کی افواج ملک کےچپے چپے کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ سرحد پارسے ہونے والی دراندازی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔کشمیر عالمی سطح پر سلامتی کونسل کی قراردادوں کےمطابق حل طلب معاملہ ہے۔خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر حل کرنا ضروری ہے۔ فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی بند ہونی چاہئے۔

جنرل سید عامر رضا نے کیڈٹس سے کہا کہ ہمارے بہادرجوان ملک کے تحفظ کیلئےاپنی جانیں قربان کررہے ہیں۔ آپ کے کندھوں پرملک کی سلامتی،وقار اورتحفظ کی بھاری ذمہ داری ہے۔پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 73ویں انٹیگریٹڈ کورس اور28ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ کی پروقار تقریب  منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں 154ویں پی ایم اے لانگ کورس اور 39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس مکمل کرنے والوں نے بھی پاس آؤٹ کیا۔