ملتان میں یتیم بچے کو کار سے کچلنے والا ملزم مقابلے میں ہلاک

  • بدھ 21 / اکتوبر / 2026

ملتان میں یتیم بچے کو کار سے کچلنے والا ملزم توقیر نذیر سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔ملزم نے پیر کے روز کار کی ٹکر سے 15 سالہ لڑکے کو کچل دیا تھا۔مقتول یتیم بچہ وسیم عباس ملزم توقیر کے غیر انسانی رویے سے تنگ آکر کام نہیں کرنا چاہتا تھا۔

ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی عرفان اکبر کے مطابق واقعے کے بعد ملزم توقیر نذیر کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا اور پھر ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا جہاں سے وہ فرار ہو گیا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ ناردرن بائی پاس بہاولپور پر پولیس نے 2 موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی۔ پولیس کے روکنے پر ملزمان نے بھاگتے ہوئے فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک موٹر سائیکل سوار مشکوک شخص اپنے ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ ملزم کا ساتھی فرار ہو گیا۔

واضح رہے کہ عدالت میں پیشی کے دوران وکلا نے ملزم کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا۔ جبکہ قتل کے اس اندوہناک واقعے پر ملک بھر میں غم و غصے کی فضا تھی۔ سوشل میڈیا صارفین واقعے کو انسانیت سوز قرار دے کر ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔