فورسز کے ساتھ کھڑی نہ ہونے والی سیاسی جماعت مائنس ہو جائے گی: رانا ثنا اللہ

  • جمعہ 23 / اکتوبر / 2026

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ کوئی سیاسی جماعت جو خلوص کے ساتھ فورسز کے ساتھ کھڑی نہیں ہوتی، وہ مائنس ہو جائے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ گورنر کے پی نے 160 ارب روپے کا تقاضا کیا جس کی وزیراعظم نےفوری منظوری دی۔ خیبرپختونخوا سے دہشت گردی کا قلع قمع کیا جائے گا، دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو ختم کیے بغیر لوگوں کی زندگی کو بہتر نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا  کہ دہشت گردی کے خاتمے کے ایجنڈے پر جو شامل نہیں ہوگا وہ مائنس ہوگا۔ کوئی بھی سیاسی جماعت ہو جو پورے خلوص کے ساتھ فورسز کے ساتھ کھڑی نہیں ہوتی وہ مائنس ہوجائے گی۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اس وقت 28 ویں ترمیم پر کوئی بات نہیں ہوئی، نہ کوئی مسودہ سامنے آیا ہے، دہشت گردی کےخلاف پوری قوم کو متحد ہونا چاہئے۔

اس سے قبل ایک ٹی وی انٹرویو میں رانا ثنا اللہ یہ پیش کش بھی کرچکے ہیں کہ اگر تحریک انصاف خیبر پختون خوا میں ایسا وزیر اعلیٰ لائے جو وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف کام پر تیار ہو تو صوبے میں گورنر راج دو ماہ کے اندر اٹھایا جاسکتا ہے۔