بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد جہاں بھی ہوں گے، ضرب لگائیں گے: فیلڈ مارشل

  • جمعہ 23 / اکتوبر / 2026

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، انہیں صوبے کی سکیورٹی کی صورتحال، انسداد دہشت گردی پر بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ مارشل کو سرحدوں پر انتظامی امور اور فارمیشنز کی تعیناتی کے حوالے سے آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جوانوں اور افسران کے پیشہ وارانہ جزبے کو سراہا۔ فیلڈ مارشل نے خطرات کا موثر انداز میں مقابلہ کرنے کیلئے اعلی معیار اور پیشہ وارانہ تیاریاں رکھنے کی ہدایت کی۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھے گا، یہ دہشت گرد جہاں بھی ملے ان کو کچل دیا جائے گا۔

انہوں نے عوام، سکیورٹی فورسز کے شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی حمایت سے دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دیں گے۔

پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم عسکریت پسند تنظیمیں’جہاں بھی موجود ہوں، انہیں بھرپور ضرب لگائی جائے گی۔‘

خیبرپختونخوا گذشتہ چند برسوں سے سکیورٹی کے سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے جہاں خصوصاً ضم شدہ قبائلی اضلاع اور جنوبی اضلاع میں عسکریت پسندوں کے حملوں، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور سکیورٹی فورسز پر حملوں کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں سمیت عام شہریوں کی بھی اموات ہوئی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ’اس بات پر زور دیا کہ انڈیا کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی اور انہیں جہاں بھی موجود ہوں، بھرپور ضرب لگائی جائے گی۔‘

پاکستانی حکام کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے عسکریت پسندوں کے لیے ’فتنۃ الخوارج‘ جبکہ بلوچستان میں سرگرم مسلح تنظیموں کے لیے ’فتنۃ الہندوستان‘ کی اصطلاح استعمال کرتے ہیں۔ پاکستان ان تنظیموں پر انڈیا کی سرپرستی میں عسکریت پسندی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتا ہے، جسے نئی دہلی مسترد کرتا ہے۔