بھارتی تنقید مکہ دفاعی معاہدے کی اہمیت کم نہیں کر سکتی: ترک وزیر خارجہ
ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی اتحاد کے خلاف بھارتی ذرائع ابلاغ کی مہم اس اتحاد سے متعلق نئی دہلی کے خدشات کی عکاسی کرتی ہے۔
ترک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان سٹریٹجک تعاون کے بڑھتے ہوئے امکانات نے بھارت کو بے چین کردیا ہے۔حاقان فیدان نے کہا کہ بھارت مکہ دفاعی اتحاد کو تنقید اور غلط معلومات کے ذریعے کمزور نہیں کرسکتا، پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان تعاون ایک اہم سٹریٹجک پیشرفت ہے، جس کے اثرات وقت کے ساتھ سامنے آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اس اتحاد پر تنقید تو کرسکتا ہے لیکن اس کی سٹریٹجک اہمیت کو نظرانداز نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدہ ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کے حوالے سے اہم پیش رفت ثابت ہوسکتا ہے اور خطے کی صورتحال پر دور رس اثرات مرتب کرسکتا ہے۔
ان کے مطابق تینوں ممالک کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔ ترک وزیر خارجہ نے اس معاملے پر بھارت اور اسرائیل کی جانب سے پھیلائی جانے والی مبینہ غلط معلومات کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ہونے والا پروپیگنڈا معاہدے کی اہمیت کو کم نہیں کرسکتا۔
ترک وزیر خارجہ کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ تینوں ممالک کے درمیان تعاون خطے میں سلامتی اور دفاعی شراکت داری کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔