عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں کمی

  • بدھ 04 / نومبر / 2026

امریکہ میں وسط مدتی انتخابات اور مشرق وسطیٰ میں امن مذاکرات کے تناظر میں بدھ کے روز تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔ یہ صورتحال اس کے باوجود سامنے آئی ہے کہ گزشتہ ہفتے امریکہ میں خام تیل کے ذخائر غیر متوقع طور پر کم ہوئے ہیں۔

خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کے فیوچر (مستقبل کے) معاہدے 0.25 فیصد کمی کے ساتھ 103.34 ڈالر فی بیرل پر آ گئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کے فیوچر 53 سینٹ یا 0.55 فیصد گر کر 95.56 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے۔ یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری سیشن میں برینٹ کی قیمت میں ایک فیصد سے زیادہ کمی ہوئی تھی اور یہ تقریباً چار ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئی تھی، کیونکہ تاجر یوکرین اور ایران میں جاری جنگوں کے خاتمے سے متعلق مذاکرات کا جائزہ لے رہے تھے۔

ادھر تیل کی منڈیوں اور تاجروں کی نظریں امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے مذاکرات پر بھی مرکوز ہیں۔ جبکہ قطر نے امریکا کے وسط مدتی انتخابات کے بعد ممکنہ کشیدگی اور حملوں میں اضافے کو روکنے کے لیے ثالثی کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

اس دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ واشنگٹن کے پاس اس وقت ایران پر کسی نئے حملے کا کوئی فوری منصوبہ نہیں۔ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو منگل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ جاری صورتحال سے مطمئن ہیں، تاہم انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ جنگ جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں۔