اسرائیل کے سابق آرمی چیف اور اپوزیشن رہنما گاڈی آئزن کوٹ نئی حکومت بنائیں گے

  • اتوار 08 / نومبر / 2026

اسرائیل کے سابق آرمی چیف اور اپوزیشن رہنما گاڈی آئزن کوٹ نئی حکومت بنائیں گے۔ انہیں یہ ذمہ داری اسرائیل کے صدر آئزک ہرزوگ نے سونپی ہے۔ اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے ہفتہ کے روز حریف گاڈی آئزن کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی۔

صدر ہرزوگ کے دفتر کے بیان میں کہا گیا کہ ’صدر نے یشار پارٹی کے رہنما گاڈی آئزن کوٹ کو نئی حکومت بنانے کی ذمہ داری سونپنے کے اپنے ارادے سے آگاہ کر دیا ہے۔‘ اس فیصلے سے گاڈی آئزن کوٹ اور بنیامن نیتن یاہو دونوں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیلی صدر کو یہ اختیار حاصل ہوتا ہے کہ وہ ایسی شخصیت کا انتخاب کریں جس کے بارے میں انہیں یقین ہو کہ وہ مخلوط حکومت تشکیل دینے کے بہتر امکانات رکھتی ہے اور صدر کے لیے یہ ضروری نہیں کہ وہ سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت کے رہنما کو ہی نامزد کریں۔

بیان کے مطابق حکومت سازی کا باضابطہ مینڈیٹ اتوار کی دوپہر(آج) کو یروشلم میں صدارتی رہائش گاہ پر منعقد ہونے والی ایک سرکاری تقریب میں آئزنکوٹ کو دیا جائے گا۔ ذمہ داری ملنے کے اعلان کے بعد انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیل میں نئی حکومت بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

آئزن کوٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’اب قومی ہنگامی حکومت تشکیل دینے کا وقت ہے۔ میں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا کہ ہم اس ذمہ داری پر پورا اتریں۔‘

آئزنکوٹ کو اسرائیلی پارلیمان کے 120 میں سے 67 ارکان کی نمائندگی کرنے والی جماعتوں کی حمایت حاصل ہوئی ہے جبکہ صرف 46 ارکان کی نمائندگی کرنے والی جماعتوں نے نیتن یاہو کے اتحاد کی حمایت کی تھی۔ اسرائیل میں حالیہ انتخابات میں کوئی بھی اتحاد حکومت بنانے کے لیے درکار 61 نشستوں کی اکثریت حاصل نہیں کر سکا۔

بنیامن نیتن یاہو کے اتحاد نے کنیسٹ کی 120 میں سے 53 نشستیں حاصل کیں، جبکہ حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے 48 نشستیں اور عرب جماعتوں نے 19 نشستیں جیتیں۔

نیتن یاہو نگراں حکومت میں وزیر اعظم کے طور پر اس وقت تک برقرار رہیں گے جب تک نئے وزیراعظم کا فیصکلہ نہیں ہوتا۔

ہرزوگ سے مینڈیٹ ملنے کے بعد، آئزن کوٹ کے پاس حکومت بنانے کے لیے 28 دن ہوں گے جس میں 14 دن کی توسیع کا بھی امکان ہے۔