نواب ناطق کی یاد میں
- تحریر عطاالحق قاسمی
- اتوار 08 / نومبر / 2026
نواب ناطق کے ایک دوست نے انہیں مصرعہ دیا اور کہا کہ اس پر گرہ لگائے’مصرعہ تھا: زنباق تریا لکا زنباق تریا۔ ناطق نے ایک لمحہ توقف کیا اور پھر ’شعر‘ مکمل کردیا:
ناطق کہ سخن تیرا ہے تریاق تریا
زنباق تریا لکا زنباق تریا
دوست نے پوچھا کہ جو مصرعہ آپ نے لگایا ہے اس کا مطلب کیا ہے ناطق نے جواب دیا، اس کا وہی مطلب ہے جو اس مصرعے اس کا مطلب ہے جس پر آپ نے گرہ لگانے کو کہا تھا۔ یہی نواب ناطق مرحوم ٹی ہاؤس کے رونق تھے۔ ایک طویل عرصے تک وہ کافی ہاؤس میں بیٹھتے رہے اور اب ایک عرصے سے وہ روزانہ ٹی ہاؤس آتے تھے اور لوگوں کے اندر چھپی ہوئی اُداسیوں کو اپنی معصوم باتوں اورلسانی تجربے والے شعروں میں تحلیل کر دیتے تھے۔ جب وہ ہر لحاظ سے تندرست تھےتو سول اینڈ ملٹری گزٹ جیسےوقیع اخبار میں ملازم تھے۔ پاکستان ٹائمز میں بھی انہوں نے خدمات انجام دیں مگر اب ایک طویل عرصے سے وہ بے روزگار تھے اور اپنا زیادہ تر وقت ٹی ہاؤس میں سراج صاحب کی رفاقت میں گزارتے تھے۔ تمام شاعروں ادبیوں کے ساتھ ان کے دوستانہ مراسم تھے اور سبھی ان سے محبت کرتے تھے۔
وہ انتہائی وضعدار شخص تھے۔غیور تھے اور کم وسائلی کے باوجود احباب پر کبھی بار نہیں تھے وہ شاعری میں ایک منفرد انداز کے حامل تھے اور اس سلسلے میں ان کی شہرت دور دور تک پھیلی ہوئی تھی۔ ان کا ایک شعر ہے:
کیا کیا کیا نہ کیا کیا کیا نہیں مجھے
معلوم بعد ازاں درمیخانہ مے نشی
ایک دوست نے یہ شعر سنا تو اس نے کہا نواب صاحب پہلے مصرعے میں بہت سے ’کیا‘ جمع ہو گئے ہیں اور ان میں سے کچھ ’کیا‘ ایسے ہیں جن کے نیچے زیر ہیں۔ سننے کو تو ہم نے یہ شعر سن لیا۔ مگر چھپنے کے بعد قاری کو یہ شعر پڑھنے اور سمجھنے میں دشواری پیش آئے گی۔ نواب صاحب نے جواب دیا، اے میاں غالبؔ کو بھی تو آخر پڑھتے ہی ہو، ناطق کو بھی پڑھو۔ اور غالب کے اندازمیں ان کا ایک شعر یہ بھی ہے: جام آتش زدہن سیلی بے آب نہیں.... آب وتاب اے بت بیدادگرتاب مے تاب نہیں۔
یونس جاوید نے یہ شعر سن کر اعتراض کیا یہ دوسرا مصرع بہت لمبا ہو گیا ہے۔اس پر نواب نے جواب دیا، میں نے لوگوں کو یہ شعر غالبؔ کا شعر کہہ کر سنایا ہے اور انہوں نے سردھنا ہے تم کہتے ہو دوسرا مصرع لمبا ہو گیا ہے؟
لسانی تجربات کہ ضمن میں ان کے کچھ مزید اشعار بھی زبان زد خاص و عام ایک مثال ملا خط ہو: فضولیات زمانہ تیری طرح ہم بھی، جو آسکے نہ خیالوں میں خام لائے ہیں۔ اس میں انہوں نے’خام خیالی‘ میں سےخام کو علیحدہ اور خیال کو علیحدہ کر کے باندھنا ہے اسی سٹائل میں ان کے دو شعر اور سن لیجیے:
شوخی پائے حنائے زلف دیکھا چاہیے
ان کو جانا تھا نہ اس جاگو گئیں
رات بھر کیا جاگتی رہتی ہیں وہ
جوبنات النعش گردوں صبح ساقی سو گئیں
اور ان کا ایک مصرعہ بہت ہی مشہور ہے: تیرے در پر کھڑا ہے کب سے سنگ آستاں برسوں
یہ وہی مصرعہ ہے جس پر ایک دوست نے اعتراض کیا تھا کہ اس میں’کب سے‘ کہنے کے بعد ’برسوں‘ کا لفظ زائد ہو گیا ہے۔ اس پر نواب صاحب ہنسے تھے اور فرمایا تھا: برخوردار اس شعر میں’برسوں‘ ردیف ہے اور ردیف تو آئے گی! نواب ناطق فی البدیہہ شعر کہنے میں بھی ماہر تھے۔ ایک دفعہ ٹی ہاؤس کے بیرے الٰہی بخش نے ان سے درخواست کی کہ ایک فی البدیہہ شعر اس کے بارے میں بھی کہا جائے۔ نواب صاحب نے فرمائش کی تعمیل کی اور یہ شعر کہا:
یا الٰہی بخش دے میرے الٰہی بخش کو
تا قیامت بھول جائے تا پرانے نقش کو
کسی زمانے میں THE PIRATE کے نام سے ایک فلم لگی تھی۔ نواب ناطق یہ فلم دیکھ کر بہت انسپائر ہوئے اور انہوں نے انگریزی میں ایک نظم لکھی جس کا عنوان تھا:
THE PIRATION OF THE PIRATE
نظم یاد نہیں، نہ اس کا مفہوم یاد ہے۔ بس یہ عنوان یاد رہ گیا ہے اور یہ عنوان کا مطلب بھی ان کی اردو شاعری کے پس منظر ہی میں سمجھا جا سکتا ہے۔ سو یہ ایک معصوم اور لائق محبت شخص سے متعلق یادیں ہیں جو بہت بکھرا ہوا تھا۔ وہ اٹھ گیا مگر اپنا نقش ذہنوں پر چھوڑ گیا۔ نواب ناطق سگریٹ کے خالی پیکٹوں پر اپنا کلام لکھتے تھے۔ یہ کلام بھی ان کی شخصیت کی طرح یکجا نہیں ہے۔ مگر ذہنوں میں محفوظ ہیں۔ کسی کی غیبت نہیں کرتے تھے۔ کسی گروپ کو آگے لانے یا نیچے گرانے کیلئے سازشوں میں شریک نہیں ہوتے تھے۔
کسی کی سب کی پر خوش نہیں ہوتے تھے اور کسی کو عزت ملنے پر رنجیدہ نظر نہیں آتے تھے۔ حالانکہ ان کا اٹھنا بیٹھنا ٹی ہاؤس کے ادبیوں کے ساتھ تھا: پیدا کہاں ہے ایسے پراگندہ طبع لوگ۔
(بشکریہ: روزنامہ جنگ)