یوم اقبال کا لانگ ویک اینڈ

یومِ اقبال کی چھٹی کی وجہ سے ’لانگ ویک اینڈ‘ مل گیا تو سوچا کہ شاعرِ مشرق کا اتنا حق تو بنتا ہے کہ اُن پر کوئی کتاب ہی پڑھ لی جاوے۔ اپنی سٹڈی کھنگالی تو اقبال پر درجن سے زائد کتابیں نکل آئیں، کچھ پر گرد جم چکی تھی۔

علی عباس جلال پوری کی ”اقبال کا علم الکلام“ اور جاوید اقبال کی ”خطباتِ اقبال“ کو نہلا دھلا کر علیحدہ کر لیا۔ میری عادت ہے کہ کتاب پڑھتے وقت اہم حصوں کو نشان زد کرتا جاتا ہوں، جہاں مصنف کو داد دینے کو جی چاہے وہاں ستارے بنا دیتا ہوں اور کہیں کہیں حاشیے میں تبصرہ بھی لکھ دیتا ہوں۔ جلال پوری کی پوری کتاب میں نے نیل و نیل کر رکھی تھی اور اِس کی وجہ وہ اندازِ بیان اور علمی وفور ہے جو کتاب کے ہر صفحے سے جھلکتا ہے۔

ایک جگہ لکھتے ہیں کہ اقبال نے یورپ سے لوٹ کر نظریۂ خودی پیش کیا۔ جب ناقدین نے کہا کہ یہ نظریہ جرمن فلسفی فشٹے سے ماخوذ ہے تو انہوں نے فرمایا: ”میرا دعویٰ ہے کہ اسرار کا فلسفہ مسلمان صوفیا اور حکماءکے افکار و مشاہدات سے ماخوذ ہے۔“ لیکن، جلال پوری لکھتے ہیں، یہ دعویٰ محلِ نظر ہے، اور پھر وہ خلیفہ عبدالحکیم کا حوالہ دیتے ہیں جنہوں نے اِس بارے میں لکھا: ”خودی کے فلسفے کی تاسیس میں صفحہ 12 پر جو اشعار ہیں وہ فشٹے سے ماخوذ ہیں، جس کا فلسفہ یہ تھا کہ عینِ ذات یا حقیقتِ وجود انائے ساعی ہے، عمل اس کی فطرت ہے۔ اس فلسفے کو جوں کا توں اقبال نے اپنے بلیغ اور رنگین انداز میں بیان کیا ہے کہ فلسفے کا خشک صحرا گلزار ہو گیا ہے۔“

جلال پوری اِس بات سے کامل اتفاق کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ اقبال کا نظریۂ خودی بہ تمام و کمال فشٹے سے ماخوذ ہے۔ آگے چل کر وہ مزید لکھتے ہیں کہ اقبال کا نظریۂ زمان (وقت) برگساں سے ماخوذ ہے اور یہاں بھی وہ خلیفہ عبدالحکیم کو کوٹ کرتے ہیں : ”اقبال زمان کو ماہیتِ وجود اور عینِ خودی سمجھتا ہے لیکن یہ زمان شب و روز کا زمان نہیں بلکہ تخلیقی ارتقا کا نام ہے۔ یہ نظریۂ زمان وہی ہے جسے برگساں نے بڑے دل نشین انداز میں اپنے نظریۂ حیات کا اہم جزو بنایا۔ اقبال برگساں کا بڑا مداح تھا اور اُس کے فلسفے سے اقبال نے فیض بھی حاصل کیا۔“

اقبال کے فلسفہ خودی پر بحث کرنا مقصود نہیں، مدعا صرف یہ ہے کہ دنیا کا کوئی فلسفی، شاعر، دانشور خلا میں پیدا نہیں ہوتا۔ افلاطون نے سقراط سے لیا، ارسطو نے افلاطون سے، ابن سینا نے ارسطو سے اور غزالی نے ابن سینا کو رد کرنے کے لیے بھی ابن سینا ہی سے سیکھا۔ خود اقبال نے نطشے پر نظمیں کہیں، برگساں سے پیرس جا کر ملاقات کی اور خطبات میں وائٹ ہیڈ اور آئن سٹائن تک کے حوالے دیے۔ فشٹے کی ’انائے ساعی‘ جرمن یونیورسٹیوں میں پڑی تھی۔ اقبال نے اُسے اٹھایا، خودی کا نام دیا، اُس میں رومی کی روح پھونکی اور اُسے یوں شعروں میں ڈھال دیا کہ آج بچہ بچہ ”خودی کو کر بلند اتنا“ پڑھتا ہے۔ خلیفہ عبدالحکیم نے بھی تو یہی لکھا ہے کہ فلسفے کا خشک صحرا گلزار ہو گیا۔

جلال پوری کی اِس بحث کے اندر ایک اور بات بھی چھپی ہوئی ہے کہ اقبال کے خیالات ایک جگہ کھڑے نہیں رہے۔ یورپ جانے سے پہلے کا اقبال کچھ اور تھا، یورپ سے لوٹنے والا اقبال کچھ اور، اور زندگی کے آخری برسوں کا اقبال کچھ اور۔ یہ بات فلسفے پر ہی نہیں سیاست پر بھی صادق آتی ہے۔ اور سیاست والی بات اِن دنوں خاص طور پر یاد آ رہی ہے کیونکہ سوشل میڈیا پر اقبال کا ایک پرانا خط گردش کر رہا ہے جسے پڑھ کر کچھ لوگ خوش ہو رہے ہیں اور کچھ کا بلڈ پریشر بڑھ رہا ہے۔ یہ خط اقبال نے 4 مارچ 1934  کو آکسفورڈ کے پروفیسر ایڈورڈ تھامپسن کو لکھا تھا اور پاکستان نامی اسکیم سے لا تعلقی کا اظہار کیا تھا۔ اقبال کے خطوط برسوں سے کتابوں میں چھپے ہوئے ہیں اور اقبال پر لکھنے والوں کے لیے نئے نہیں۔ نئے صرف اُن کے لیے ہیں جو اقبال کو کتاب کے بجائے واٹس ایپ پر پڑھتے ہیں۔

سنہ 1930  کے خطبۂ الٰہ آباد میں اقبال نے پنجاب، صوبہ سرحد، سندھ اور بلوچستان کو ملا کر ایک ریاست بنانے کی خواہش ظاہر کی تھی اور ساتھ یہ جملہ بھی کہا تھا جسے دونوں فریق اپنی اپنی ضرورت کے مطابق پڑھتے ہیں کہ ”برطانوی سلطنت کے اندر یا اُس کے باہر“ ایک مستحکم شمال مغربی مسلم ریاست کا قیام کم از کم شمال مغربی ہندوستان کے مسلمانوں کی آخری منزل ہے۔ اُسی خطبے میں وہ ’ہندوستان کے اندر مسلم ہندوستان‘ کے مطالبے کو جائز قرار دیتے ہیں۔ یعنی 1930  کا اقبال ابھی وفاق کے دائرے میں رہ کر سوچ رہا تھا، اور 1934 کا اقبال بھی اسی جگہ کھڑا تھا۔ مگر پھر 1937  آیا۔ صوبائی انتخابات ہوئے، کانگریس کو بھاری کامیابی ملی اور مسلم لیگ کا حال پتلا رہا۔ اِنہی دنوں اقبال نے قائداعظم کو خطوط لکھے اور 21 جون 1937  کے خط میں وہ جملہ لکھا جو خطبۂ الٰہ آباد سے ایک پوری سیڑھی آگے ہے : مسلم صوبوں کا ایک علیحدہ وفاق ہی وہ واحد راستہ ہے جس سے ہندوستان میں امن قائم رہ سکتا ہے اور مسلمان غیر مسلموں کے غلبے سے بچ سکتے ہیں۔ اقبال اپریل 1938  میں رخصت ہو گئے اور قراردادِ لاہور اُن کی وفات کے دو برس بعد منظور ہوئی۔ باقی تاریخ ہے۔

1904  میں اقبال جب گورنمنٹ کالج لاہور میں استاد تھے تو انہوں نے ”سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا“ لکھی۔ اُس وقت اُن کی عمر ستائیس برس تھی اور  دل میں ہندوستان کی محبت یوں ٹھاٹھیں مار رہی تھی کہ اسی نظم میں کہہ گئے ”مذہب نہیں سکھاتا آپس میں بیر رکھنا“ ۔ ہندوستان نے آج تک اِس نظم کو گود لیا ہوا ہے اور واپس نہیں کیا۔ صورتحال یہ ہے کہ ہر سال 29 جنوری کی شام جب نئی دہلی میں یومِ جمہوریہ کی تقریبات ’بیٹنگ ریٹریٹ‘ کے ساتھ اختتام کو پہنچتی ہیں تو بھارتی فوج، بحریہ اور فضائیہ کے بینڈ جس دھن پر مارچ کرتے ہوئے رائسینا ہل کی طرف لوٹتے ہیں وہ ’سارے جہاں سے اچھا‘  کی دھن ہوتی ہے۔ 1984  میں جب بھارت کا پہلا خلاباز خلا میں گیا اور اندرا گاندھی نے پوچھا کہ وہاں سے ہندوستان کیسا دکھائی دیتا ہے تو اُس نے جواب میں صرف ایک مصرع کہا: ’سارے جہاں سے اچھا‘ ۔ یعنی اقبال ہمارے قومی شاعر بھی ہیں اور بھارتی فوج کے بینڈ ماسٹر کے پسندیدہ شاعر بھی۔

سرحد کے اِس پار اُن کا یومِ پیدائش قومی تعطیل ہے اور اُس پار اُن کی نظم قومی تقریب کا اختتامیہ۔ دنیا میں شاید ہی کوئی اور شاعر ایسا ہو جو دو ایسے ملکوں کا مشترکہ اثاثہ ہو جو ایک دوسرے کی شکل دیکھنا پسند نہیں کرتے۔ اقبال گویا سرحد کے دونوں طرف ڈیوٹی دے رہے ہیں اور تنخواہ کسی طرف سے وصول نہیں کر رہے۔ یہی اقبال یورپ سے لوٹنے کے بعد 1910  میں اُسی بحر اور انداز میں ’ترانۂ ملی‘ لکھتے ہیں جس کا پہلا شعر گویا اپنے ہی پرانے ترانے کا جواب ہے : ”چین و عرب ہمارا، ہندوستاں ہمارا، مسلم ہیں ہم وطن ہے سارا جہاں ہمارا“ ۔ ہم اسکول میں یہ ترانہ گایا کرتے تھے۔ اقبال نے اپنی رائے بدلی تو چھپ چھپا کر نہیں بلکہ عَلیٰ الْاِعْلان بدلی۔ دونوں نظمیں آج بھی ’بانگِ درا‘ میں ساتھ ساتھ موجود ہیں۔ جس دل میں ”ہندی ہیں ہم وطن ہے ہندوستاں ہمارا“ اور ”مسلم ہیں ہم وطن ہے سارا جہاں ہمارا“ دونوں سما گئے، اُس خطے میں دو ریاستوں کے لیے کم از کم اتنی گنجائش تو نکل ہی سکتی ہے کہ وہ ایک دوسرے کے وجود کو تسلیم کر لیں۔ افسوس کہ ہماری زندگیوں میں یہ معمول کی بات اب نا ممکن لگتی ہے۔ بہرحال، پاکستان اور ہندوستان کو یومِ اقبال مبارک ہو۔

(بشکریہ: ہم سب لاہور)