شمالی وزیرستان: مساجد میں قائم دہشت گرد ٹھکانوں کے خلاف کارروائی

  • سوموار 09 / نومبر / 2026

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں گاؤں موزک میں انٹیلیجنس بنیادوں پر کیے گئے ایک آپریشن کے دوران شدت پسندوں کی جانب سے مساجد میں قائم کیے گئے دو ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کی۔

فوج نے ان مقامات کو کلیئر کرتے ہوئے وہاں سے اسلحہ اور گولہ باردو کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا ہے۔ پریس ریلیز میں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران خوارج کی جانب سے مساجد میں قائم کیے گئے دو دہشت گرد ٹھکانوں کو کلیئر کر دیا گیا جبکہ وہاں سے دیسی ساختہ بموں (آئی ای ڈیز)، دھماکا خیز مواد تیار کرنے کے سامان، اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان سرکاری سطح پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو فتنہ الخوارج کا نام دیتا ہے۔

بیان کے مطابق شدت پسندوں نے جان بوجھ کر مساجد میں اپنے ٹھکانے قائم کر رکھے تھے اور ان مقامات پر مبینہ طور پر تشدد کے مراکز بھی چلائے جا رہے تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شدت پسندوں کی جانب سے ’عبادت گاہوں کی اس مبینہ بے حرمتی سے ایک بار پھر یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اسلام کی بنیادی تعلیمات کے بارے میں مکمل بے اعتنائی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔‘

آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ اس علاقے میں دیگر مبینہ دہشت گرد ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی جانب سے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ بیان کے مطابق ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت، جس کی منظوری نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی نے دی تھی، پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔