افواہیں اور سیاسی استحکام

سیاسی استحکام نہ ہو تو ایک خلاپیدا ہوتا ہے اور اس خلا میں افواہیں جنم لیتی ہیں جیسا کہ اِس وقت ہو رہا ہے۔ جب حکومت کے وزیر بھی کہنے لگیں کہ نئی ٹیم لانے کا سوچا جا رہا ہے اور کچھ تجزیہ نگار بھی یہ خبر دے رہے ہوں تو پھر افواہوں کا بازار گرم ہو جاتا ہے۔

ایک عام آدمی کی زبان پر بھی یہی سوال ہے، کیا بن رہا ہے؟ کیا بنے گا؟ایسی صورتحال میں سب سے زیادہ نقصان ملکی معیشت کا ہوتا ہے، سرمایہ کاری کوئی ایک دن کا کام نہیں ہوتا۔ سرمایہ دار بہت سوچ سمجھ کے قدم اٹھاتے ہیں اگر بے یقینی ہو تو وہ ہاتھ کھینچ لیتے ہیں۔ کیونکہ پالیسیاں مستحکم نہ رہیں تو بڑے خسارے کا باعث بن جاتی ہیں۔ بظاہر لگتا ہے سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے۔ قومی اسمبلی موجود ہے، سینیٹ قائم ہے، صدر،وزیراعظم کام کر رہے ہیں۔ ایک صوبے میں گورنر راج لگ گیا ہے، تین صوبے جمہوری انداز میں رواں دواں ہیں۔ مگر ان سب کے باوجود ایک چیز غائب ہے اور وہ ہے سیاسی استحکام۔

 اب بلاول بھٹو زرداری کے اس سوال کو نظرانداز کیسے کیا جا سکتا ہے کہ اگر آپ تحریک انصاف اور مولانا فضل الرحمن سے الجھتے رہیں گے تو ملک آگے کیسے جائے گا؟ یہ دونوں تو بنیادی حقیقتیں ہیں یا تو ان سے بنا کر رکھی جائے یا پھر ان سے لڑتے رہیں، لڑیں گے تو عدم استحکام ہی پیدا ہو گا۔ گورنر راج لگا تو یہی سیاسی جماعتیں جو اقتدار میں ہیں، صفائیاں دیتی رہیں کہ ہم نے یہ فیصلہ نہیں کیا۔ پیپلزپارٹی جس کے گورنر نے خیبرپختونخوا کی حکومت سنبھالی، بھی یہی کہتی رہی ہمارا اِس میں کوئی کردار نہیں۔ مسلم لیگ(ن) کے وزرا کی ٹی وی ٹاک شوز میں باتیں شاتیں تو کرتے ہی ہیں،ہمارا فیصلہ نہیں ہے۔یہ کیسی حالت ہے کہ جس میں سامنے کے چہرے اپنی بریت کا اعلان کرتے ہیں اور ریاستی مناصب پر براجمان بھی ہیں۔ ایسی صورتحال میں افواہیں جنم نہ لیں  تو اور کیا ہو۔

 کوئی ذرا سی بات ہو جائے تو اُسے تبدیلی کے اشارے سے جوڑ دیا جاتا ہے۔ کیا یہ سب شاخِ نازک پر آشیانے بنے  ہوئے ہیں۔بھلے وقتوں کی بات ہے جب حکومت کے بارے میں ایسی افواہیں اڑتی تھیں تو وزیراعظم خم ڈھونک کر بیان دیتے تھے۔ حکومت کہیں نہیں جا رہی ،اپنی مدت پوری کرے گی۔ذوالفقار علی بھٹو جیسے مقبول وزیراعظم کو بھی نازک دِنوں میں اپنے اقتدار کی کرسی کے ہتھے پر مکا مار کر یہ کہنا پڑ گیا تھا کہ میری کرسی مضبوط ہے، میں کہیں نہیں جا رہا۔ ان افواہوں کا توڑ کرنے کے لئے کوئی تو کوشش ہونی چاہئے، کوئی تو مضبوط آواز اٹھنی چاہئے۔

2024 کے انتخابات سے جب یہ نظام قائم ہوا تو اس کی مضبوطی کا تاثر دینے کے لئے خود حکومتی حلقوں نے یہ اصطلاح استعمال کی کہ یہ ہائبرڈ نظام ہے، یعنی اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی حکومت ایک پیج پر ہیں۔ اس سے توقعات بڑھیں کہ ملک میں استحکام آئے گا، ترقی ہو گی، معیشت چلے گی اور خوشحالی کا دور دورہ ہو گا۔ سرمایہ کاری بڑھانے اور بیرونی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لئے ایک ادارہ بھی بنایا گیا اور توقع ظاہر کی گئی ملک میں بیرونی سرمایہ کار بڑی تعداد میں صنعتیں لگائیں گے۔ رفتہ رفتہ ہائبرڈ نظام کی اصطلاح بھی پس منظر میں چلی گئی،  معیشت دانوں کا متفقہ موقف یہ رہا ہے کہ سرمایہ کار اُن ممالک کا رُخ کرتے ہیں، جہاں عدلیہ مضبوط ہوتی ہے کیونکہ اُن کے حکومت سے معاہدے اور بعدازاں حکومتی محکموں سے جو معاملات الجھتے ہیں تو وہ عدالتوں کا رُخ کرتے  ہیں ۔یہ بدقسمتی ہے کہ اس وقت عدلیہ کو سمجھنا آسان نہیں۔ سپریم کورٹ اور آئینی عدالت کے درمیان اختیار کی لکیر کہاں ختم ہوتی ہے۔اس بارے میں خود قانون دانوں کو بھی زیادہ خبر نہیں۔ پھر وہ سیاسی کشیدہ فضا جو اب اِس ملک کا مقدر بن گئی ہے سرمایہ کاروں میں تحفظات کو جنم دیتی ہے۔

مسئلے کا حل یہ نہیں کہ نئی ٹیم لائی جائے۔ مسئلے کا حل پالیسی بدلنے میں ہے۔ جرات مندانہ فیصلوں میں ہے اور سیاسی کشیدگی کم کرنے میں ہے۔ ایک کے بعد دوسرا محاذ کھولنے سے تو کوئی مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔ تحریک انصاف کے بعد مولانا فضل الرحمن کو دیوار سے لگانے کی کیا ضرورت تھی، بات تو اُس وقت بگڑی تھی جب تحریک انصاف کا لانگ مارچ ختم کرانے کی کوششوں کے نتائج کا انتظار کئے بنا گورنر راج لگا دیا گیا۔ پھر وزرا  کی طرف سے ایسے بیانات بھی دیئے گئے جن کی کوئی ضرورت نہیں تھی اور اُن سے بچا جا سکتا تھا۔ یہ ایک آزمودہ بات ہے حکومت اشتعال کو بڑھاتی نہیں، کم کرتی ہے مگر یہاں معاملہ اُلٹ دیکھنے میں آیا۔

جمہوری ممالک میں ہم نے بارہا دیکھا ہے کہ حکومت کے حوالے سے بے یقینی یا عدم استحکام بڑھتا ہے تو مڈٹرم انتخابات کا راستہ اختیار کیا جاتا ہے کیونکہ جمہوریت میں استحکام کا واحد راستہ یہی ہے۔ ہمارے ہاں صورتحال تھوڑی اس لئے مختلف ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔ وہاں اُس کی اکثریت برقرار ہے۔ ایسے میں ہونا تو یہ چاہئے حکومت پورے اعتماد سے اپنا عرصہ پورا کرے مگر اس کی بجائے خود حکومت کے وزرا  دور کی کوڑی لا کر لنکا ڈھاتے رہتے ہیں۔ موجودہ نظام کے جملہ متعلقین کو سوچنا چاہئے کہ کب تک اس بے یقینی اور عدم استحکام کو ملک میں جاری رکھنا ہے۔ پاکستان کو داخلی استحکام کی اشد ضرورت ہے اور یہ جرات مندانہ فیصلوں کے بغیر نہیں آ سکتا۔

ریاستی طاقت کا استعمال بعض اوقات ناگزیر ہو جاتا ہے تاہم اکثر معاملات میں ریاست ماں بن کر فیصلے کرتی ہے اور یہی فیصلے ملک میں یقین،ا عتماد اور استحکام بحال کرتے ہیں۔

(بشکریہ: روزنامہ پاکستان)