مولانا فضل الرحمان اور تحریک انصاف کا اتحاد؟
- تحریر سید مجاہد علی
- سوموار 09 / نومبر / 2026
زبانی بیان بازی کی حد تک جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور حکومت کے درمیان فاصلے بڑھ رہے ہیں لیکن دوسری طرف محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں قائم تحریک تحفظ آئین پاکستان کے لیڈر مولانا فضل الرحمان کی حکومت اور اسٹبلشمنٹ سے ناراضی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں ساتھ ملانے کے لیے حکومت مخالف تحریک کی قیادت انہیں سونپنا چاہتے ہیں۔
البتہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کیا جہاں دیدہ فضل الرحمان ایک ایسی پارٹی کے ساتھ سیاسی اتحادپر اتفاق کرلیں گے جس کی حکومت کے خلاف لانگ مارچ کے علاوہ وہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد تحریک کی قیادت بھی کرچکے ہیں۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) قائم کی تھی اور اس کے سربراہ بنے تھے۔ یہی اتحاد بعد میں عمران خان کو عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے اقتدار سے محروم کرنے کا سبب بنا ۔ اس کے بعد پھر شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کو حکومت بھی مل گئی تھی۔ یہ صورت حال 2024 کے انتخابات میں بھی برقرار رہی اور شہباز شریف ہی اس وقت ملک کے وزیر اعظم ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کو اہم آئینی عہدے ملے ہیں۔ پیپلز پارٹی براہ راست حکومت کا حصہ نہیں ہے لیکن اس میں بھی کوئی شبہ نہیں کہ پارٹی اس وقت پارلیمنٹ میں حکومت کی اتحادی ہے اور ہر اہم قانون سازی یا آئینی ترامیم میں وہ حکومت کے ساتھ رہی ہے۔
اقتدار تک رسائی کے باوجود مولانا فضل الرحمان کو حسب امید اقتدار میں حصہ نہیں مل سکا۔ فروری 2024 میں ہونے والے انتخابات میں مولانا کی پارٹی جمیعت علمائے اسلام (ف) کو خیبر پختون خوا میں حسب امید کامیابی نصیب نہیں ہوئی۔ مولانا فضل الرحمان خود بھی اپنی آبائی نشست نہیں جیت سکے اور وہ اس وقت بلوچستان سے قومی اسمبلی کے رکن ہیں۔ مولانا کے لیے اپنی سیاسی خدمات اور وفاداری کے باوجود یہ طرز عمل ناقابل قبول تھا۔ خاص طور سے انتخابات میں شکست کے بعد انہیں یہ شکایات پیدا ہوئیں کہ انہیں انتخابی کامیابی کے لیے وہ ’امداد و تعاون‘ حاصل نہیں ہؤا جو مسلم لیگ (ن) کو دیا گیا تھا۔ پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی کامیابی کو درحقیقت فارم 47 میں گڑ بڑ کے ذریعے حاصل کی ہوئی کامیابی کہا جاتا ہے۔ یعنی یہ پارٹی اسٹبلشمنٹ کی مدد سے انتخابات میں ’کامیابی‘ حاصل کرسکی تھی اور درحقیقت اسے عوام نے مسترد کردیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف اسی بنیاد پر موجودہ حکومت کو قبول کرنے سے انکار کرتی رہی ہے اور عمران خان اس کے ساتھ مذاکرات کی بجائے اختیار کی اصل مالک اسٹبلشمنٹ کے ساتھ بات چیت کی خواہش کرتے رہے ہیں۔ اس کے برعکس مولانا فضل الرحمان نے اگرچہ انتخابی دھاندلی کا شور مچایا لیکن ان کا مقدمہ درحقیقت خیبر پختون خوا میں اپنی ناکامی کی بنیاد پر قائم تھا۔ انہیں لگتا ہے کہ اگر انہیں بھی ویسی سہولت کاری حاصل ہوتی جو مسلم لیگ (ن) کو حاصل تھی تو انہیں صوبائی اسمبلی میں قابل ذکر نمائندگی ملنے کے علاوہ قومی سمبلی میں بھی قابل ذکر نمائیندگی مل جاتی اور وہ سیاسی لین دین میں بہتر بارگیننگ پوزیشن میں ہوتے۔
تاہم اس کے باوجود انہوں نے تحریک انصاف کی طرح سیاسی و پارلیمانی عمل سے لاتعلق رہنے کا فیصلہ نہیں کیا بلکہ تحریک انصاف سے غصب کی گئی مخصوص نشستوں میں اپنی پارٹی کا حصہ بھی وصول کیا۔ مولانا کو امید تھی کہ کسی طرح انہیں ’اکاموڈیٹ‘ کیا جائے گا اور اقتدار میں حصہ داری کے حوالے سے ان کی پوزیشن مضبوط ہوگی۔ تاہم طویل انتظار کے باوجود ان کی یہ امید پوری نہیں ہوسکی۔ اس دوران وہ مختلف مواقع پر اپنی سیاسی ناراضی کا اظہار کرتے رہے ہیں لیکن اکتوبر کے دوران خیبر پختون خوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے فیصلے کے بعد ان کے ’صبر‘ کا پیمانہ لبریز دکھائی دیتا ہے۔ اس وقت سے وہ اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے دعویٰ کررہے ہیں کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے انہیں تحریک انصاف کے اسلام آباد مارچ کو ختم کرانے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کو کہا تھا۔ ان کے بقول عمران خان تک رسائی اور طبی سہولتوں کے حوالے سے مفاہمت کا امکان پیدا ہوگیا تھا لیکن حکومت بعد میں اپنے وعدے سے پیچھے ہٹ گئی۔
مولانا اسے اپنے ساتھ ’دغا‘ سمجھتے ہوئے میدان عمل میں اترے ہیں۔ دوسری طرف شروع میں بعض وزرا نے ان پر الزام لگایا کہ وہ خیبر پختون خوا کے نئے انتظام میں حصہ نہ ملنے کی وجہ سے نالاں ہیں۔ اسی لیے اب وہ حکومت اور اسٹبلشمنٹ پر نکتہ چینی کررہے ہیں۔ تاہم بعض مبصرین کا خیال ہے کہ وزیر اعظم نے اب مولانا کے حوالے سے اپنی کابینہ کے ارکان کو محاذ آرائی سے روک دیا ہے۔ حکومت مولانا فضل الرحمان کو یہ اشارہ دینا چاہتی ہے کہ سارے فیصلے چونکہ اسٹبلشمنٹ کررہی ہے، اس لیے مولانا اسی سے اپنا حصہ مانگ لیں۔ تاہم جیسا کہ پاکستانی سیاست کا چلن رہا ہے کہ سیاسی لیڈر اسٹبلشمنٹ کو نشانہ بنانے کے لئے اس سیاسی قیادت پر ہی تنقید کرتے ہیں جو اس وقت حکمرانی کے مزے لوٹ رہی ہو۔ یوں بھی مولانا اور ان کے خاندان کے خلاف کرپشن اور دیگر بے اعتدالیوں کے انکشافات اور تحقیقات کا ڈول اگرچہ اسٹبلشمنٹ کی مرضی سے ڈالا گیا ہے لیکن اس کے لیے حکومتی ادارے اور محکمے استعمال ہورہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کے سابقہ سیاسی ریکارڈ اور اسٹبلشمنٹ کے ساتھ خوشگوار تعلقات کی تاریخ دیکھتے ہوئے یہ قیاس بھی کیا جاسکتا ہے کہ مولانا خیبر پختون خوا میں تحریک انصاف کا زور توڑنے کے مشن پر ہیں۔ کیوں کہ انہی کی پارٹی صوبے میں دوسری بڑی سیاسی قوت ہے۔ تحریک انصاف کے ووٹر کو اگر کسی متبادل کی حمایت کرنا پڑی تو وہ ایسی پارٹی ہی کو ترجیح دے گا جو اس مشکل وقت میں پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہو ئی اور اس کی سیاسی حمایت کی۔ مولانا جیسا تجربہ کار سیاست دان بھی جانتا ہے کہ اس وقت اسٹبلشمنٹ سے فائدہ اٹھانے والی پارٹی بن کر وہ خیبر پختون خوا کی سیاست سے مکمل طور سے محروم ہوسکتا ہے جبکہ اسٹبلشمنٹ مخالف بیانیہ بنا کر وہ سیاسی طور سے طاقت ور ہوں گے اور تحریک انصاف خود اس عمل میں مولانا کی معاونت کرے گی۔ جیسا کہ اب انہیں تحریک تحفظ آئین پاکستان (ٹی ٹی اے پی) کی قیادت پر راغب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مولانا اس سیاسی تعاون کو کے پی میں اپنی پارٹی مضبوط کرنے کے لیے استعمال کریں گے اور یہ حکمت عملی اسٹبلشمنٹ کے مقاصد بھی پورے کرسکتی ہے۔ اس زاویے سے دیکھا جائے تو مولانا اور اسٹبلشمنٹ شدید لڑائی کے باوجود ایک ہی پیج پر دکھائی دیں گے۔
ماضی میں عمران خان، مولانا فضل الرحمان کے شدید مخالف رہے ہیں۔ اس وقت مولانا اور ان کے خاندان کی کردار کشی کا جو الزام اسٹبلشمنٹ پر لگایا جارہا ہے، ماضی میں یہی کام عمران خان خود کرتے رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے محمود خان اچکزئی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا لیکن وہ اب انہی کی ایما پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے منصب پر فائز ہیں اور ٹی ٹی اے پی کے صدر بھی ہیں۔ ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا مولانا موجودہ نظام سے اتنا تنگ آچکے ہیں کی وہ اسے گرانے کے لیے اسی طرح تحریک انصاف کا دست و بازو بنیں گے جیسا کی ماضی میں پی ڈی ایم کی قیادت کے ذریعے وہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ تعاون کررہے تھے۔ سیاست میں دوستیاں اور دشمنیاں مستقل نہیں ہوتیں اور مولانا فضل الرحمان اس سچائی کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں۔ لیکن اس کے ساتھ ہی ماضی میں بڑی پارٹیوں کا ساتھ دے کر سیاسی مقاصد میں ناکام رہنے کے بعد کیا وہ ایک بار پھر ویسا ہی تجربہ ایک ایسی پارٹی کے ساتھ کرنا چاہیں گے جو مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے مقابلے میں زیادہ ناقابل اعتبار ہے اور خیبر پختون خوا میں مولانا کی مدمقابل بھی۔ اس کے علاوہ اب یہ حقیقت بھی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے کہ اسٹبلشمنٹ تحریک انصاف کو سیاسی قوت کے طور پر قبو ل کرنے پر آمادہ نہیں ہے۔ کیا یہ تصور کیا جاسکتا ہے کہ مولانا اب بنیادی جمہوری و آئینی اصولوں کے لیے اپنا سیاسی مستقبل داؤ پر لگانے کے لیے تیار ہوں گے؟ اور کیا تحریک انصاف مستقبل میں کامیابی کی صورت میں مولانا کو کوئی بڑا سیاسی انعام جیسے کہ خیبر پختون خوا کی وزارت اعلیٰ دینے پر آمادہ ہوجائے گی؟ یہ دونوں امکانات دکھائی نہیں دیتے۔
مولانا تحریک انصاف کے ساتھ ’اتفاق رائے‘ کے باوجود، شاید اس کے ساتھ باقاعدہ اتحاد کرنے سے گریز کریں گے۔ مولانا کسی ڈوبنے والی کشتی میں آخر کیوں سوار ہوں گے۔ تاآنکہ انہیں یقین ہو کہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر اسٹبلشمنٹ نامی منہ زور گھوڑے کا منہ پھیر دیں گے۔