گورنر راج اور ایمرجنسی کے خلاف درخواستوں کی سماعت کا تنازعہ، وکلا کا احتجاج
پاکستان کی وفاقی آئینی عدالت کے حکم کے بعد پشاور ہائی کوٹ کی جانب سے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمر جنسی کے نفاذ کے خلاف دائر درخواستوں کو کاز لسٹ سے نکالے جانے کے خلاف صوبے کی بار کونسل کی اپیل پر آج (منگل) کے روز وکلا نے احتجاجاً صوبے میں عدالتوں میں پیش نہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا بار کونسل نے صوبے میں گورنر راج اور ایمر جنسی کے نفاذ کو غیر جمہوری عمل قرار دیا ہے۔ خیبر پختونخوا بار کونسل نے سات نومبر 2026 کو اپنے جنرل باڈی کے ہنگامی اجلاس میں وفاقی آئینی عدالت کے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جس کے تحت پشاور ہائی کورٹ کے آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت تفویض کردہ اختیارات محدود کیے گئے ہیں۔
بار کونسل نے وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے کو صوبے کے عوام کے بنیادی حقوق اور انصاف تک رسائی کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ بار کونسل اس مقدمے میں فریق بننے کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرے گی اور وکلا کا خصوصی پینل تشکیل دیا جائے گا۔
وفاقی آئینی عدالت کے پانچ نومبر 2026 کے حکم کے بعد پشاور ہائی کورٹ میں 12 اکتوبر یا اس کے بعد دائر ہونے والی آئینی درخواستوں کی کارروائی معطل ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ آئینی عدالت کے حکم کے بعد پشاور ہائی کورٹ کی انتظامی کمیٹی نے بھی ایسی نئی درخواستوں کو سماعت کے لیے مقرر نہ کرنے کی ہدایت جاری کی۔ اس فیصلے کی بنیاد آئین پاکستان کا آرٹیکل 245 ہے جو مسلح افواج کو وفاقی حکومت کی ہدایت پر سول انتظامیہ کی معاونت کا اختیار دیتا ہے۔
اسی آرٹیکل کی شق (3)245 اور (4)245 کے تحت مخصوص حالات میں اُن علاقوں میں ہائی کورٹ کے آئینی اختیار اور متعلقہ کارروائیوں پر پابندی عائد ہو سکتی ہے جہاں فوج سول انتظامیہ کی معاونت کر رہی ہو۔
11 اکتوبر کو وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمر جنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے قائدین کے علاوہ دیگر وکلا نے بھی اس اقدام کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے درخواستیں جمع کروائی تھیں جن کی سماعت 10 نومبر کو ہونی تھیں۔
تاہم گزشتہ ہفتے وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائی کورٹ میں ان درخواستوں کی سماعت معطل کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد اس طرح کی درخواستیں پشاور ہائی کورٹ کی کاز لسٹ سے ہٹا دی گئی تھیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے قائم مقام چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے گزشتہ دنوں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے سے کئی قانونی پیچیدگیاں پیدا ہوئی ہیں اور اس کے اثرات سیاسی شخصیات کے ساتھ عام شہریوں پر بھی پڑ رہے ہیں۔