ٹیپو سلطان کی بیڈ چیمبر تلوار
- تحریر خالد مسعود خان
- منگل 10 / نومبر / 2026
مورخہ 12 مارچ 2023 کو برطانوی کرکٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس کا کرکٹ کی وردی سامان اور دیگر اشیاسے بھرا ہوا بیگ لندن کے کنگز کراس انڈرگراؤنڈ ریلوے سٹیشن سے چوری ہو گیا۔ اپنے سامان کی چوری سے شدید غصے میں آئے ہوئے بین سٹوکس نے چور کو مخاطب کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹویٹر) پر پیغام لکھا :
’جس کسی نے بھی کنگز کراس ٹرین سٹیشن پر میرا بیگ چوری کیا ہے، میں امید کرتا ہوں کہ میرے کپڑے تمہارے سائز سے بہت زیادہ بڑے ہوں گے، تم بالکل بے وقوف انسان ہو‘۔ بین سٹوکس نے اپنے قیمتی سامان کی چوری پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے چور کو بے وقوف کے خطاب سے نوازا اور اپنے دل کی بھڑاس نکالی۔ تاہم لوگوں کے ہاتھ شغل لگ گیا۔ بہت سے لوگوں نے تو بین سٹوکس کے ساتھ ہمدردی بھی کی لیکن کئی لوگوں خصوصاً برصغیر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بین سٹوکس کے ٹویٹ کا باقاعدہ مذاق اڑایا اور اس پر بڑے دلچسپ تبصرے کیے۔ تاہم سب سے مزیدار تبصرہ ایک بھارتی شخص کا تھا۔ اس نے بین سٹوکس کے ٹویٹ کے نیچے برٹش میوزیم کی ایک تصویر اَپ لوڈ کی اور لکھا: ’یہاں چیک کریں، دنیا بھر کا چوری شدہ سارا سامان یہیں ڈسپلے پر ملتا ہے‘۔
بظاہر یہ تبصرہ مزاح کی طرف مائل دکھائی دیتا ہے لیکن یہ ایک تلخ حقیقت ہے جس کا اس ایک چھوٹے سے جملے میں اظہار کیا گیا ہے۔ یہ مسافر اپنی ولایت یاترا کے دوران مختلف برطانوی عجائب گھروں اور قلعوں کے اندر برصغیر پاک و ہند پر انگریزوں کے قبضے کے دوران لوٹ کر برطانیہ لائی گئی اتنی تاریخی اور قیمتی اشیادیکھ چکا ہے کہ اتنی اشیااس مسافر نے پاکستان کے عجائب گھروں میں بھی نہیں دیکھیں۔
یہ سال 2002 کی بات ہے۔ میں ایڈنبرا کاسل، سکاٹ لینڈ میں گھومتے گھماتے اس کے وار میوزیم میں چلا گیا۔ عجائب گھر کے ایک کمرے کے دائیں طرف لکڑی کی ایک بڑی اور خوبصورت کیبنٹ تھی جس میں پانچ تلواریں سجی ہوئی تھیں۔ مجھے اُس وقت بالکل علم نہیں تھا کہ ایڈنبرا کے قلعے کے سکاٹس نیشنل وار میوزیم میں ٹیپو سلطان کی تلواریں بھی رکھی ہوئی ہیں۔ یہ پانچوں تلواریں ٹیپو سلطان کی تھیں جن میں ان کی ایک مشہور بیڈ چیمبر تلواربھی موجود تھی۔ یہ پانچوں تلواریں سرنگاپٹم کی جنگ میں فتح پانے والی انگریز فوج کی 71ویں ہائی لینڈ لائٹ انفنٹری کے سکاٹس کمانڈر میجر جنرل سر ڈیوڈ بیرڈ کی ذاتی کولیکشن کا حصہ تھیں۔ سرنگاپٹم کی چوتھی اور آخری جنگ میں حملہ آور انگریزی فوج کی قیادت سر ڈیوڈ بیرڈ کر رہا تھا۔ فاتحین نے ٹیپو سلطان کے محل کا مال متاع لوٹ لیا۔ جنرل ڈیوڈ بیرڈ ٹیپو سلطان کے مالِ غنیمت، جس میں اُن کے ہتھیار بھی شامل تھے، جنگ کے سووینیئرز کے طور پر اٹھا لایا۔ یہ تلواریں اور دیگر نوادرات بیرڈ فیملی کے پاس محفوظ رہے۔ یہ تلواریں ایڈنبرا کاسل کے جنگی میوزیم میں طویل مدتی ادھار کی بنیاد پر رکھی ہوئی تھیں۔
2005میں جب میں اپنے ملتان والے دوست شیخ اشرف کے پاس گلاسگو گیا تو حسبِ معمول ایک روز کیلئے ایڈنبرا چلا گیا۔ وہاں پر مقیم میرے بہت پیارے دوست طاہر بشیر کا ہمیشہ اصرار رہتا ہے کہ میں جب بھی سکاٹ لینڈ آؤں تو ادھر کا چکر ضرور لگاؤں۔ میں طاہر بشیر کو ملنے ایڈنبرا پہنچا تو یہ کیسے ممکن تھا کہ قلعے میں نہ جاتا۔ میں جب وہاں گیا تو وہاں خاص طور پر وار میوزیم دیکھنے کیلئے قلعے کی ٹکٹ لی اور اندر چلا گیا۔ وار میوزیم میں جاتے ہی میں اس الماری کے پاس گیا تو کیا دیکھتا ہوں کہ اب اس الماری میں کچھ اور چیزیں رکھی ہوئی تھیں، ٹیپو سلطان کی پانچوں تلواریں غائب تھیں۔معلوم ہوا کہ ستمبر 2003 میں سر ڈیوڈ بیرڈ کی اولاد نے ان تلواروں کو مزید نمائش پر رکھنے کے بجائے انہیں نیلام کر کے پیسے کھرے کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ خاندانی وجوہات کی بنا پر وہ اب اس قیمتی تاریخی کولیکشن کو اپنے پاس رکھنے کے بجائے فروخت کر رہے ہیں تاکہ دنیا کے دیگر لوگ بھی اسے دیکھ سکیں۔
بیرڈ فیملی کے ان نوادرات کی نیلامی ڈکس نونان ویب نامی نیلام گھر کے ذریعے ہوئی۔ یہ سب اشیاجن میں تلواروں کے علاوہ دیگر میڈلز، ذاتی استعمال کی چیزیں اور دستاویزات شامل تھیں، تین لاکھ برطانوی پونڈ میں نیلام ہوئیں۔ صرف ٹیپو سلطان کی سونے کے دستے والی خاص بیڈ چیمبر تلوار 1 لاکھ 88 ہزار برطانی پونڈ (تقریباً سات کروڑ روپے) میں مشہور متنازع بھارتی کاروباری شخصیت وجے مالیا نے نیلامی میں حاصل کی۔ بعد ازاں اپنی ایئرلائن کے ڈوبنے اور بینکوں کا قرضہ ہضم کر کے برطانیہ فرار ہو جانے والے وجے مالیا نے 2018 میں اس تلوار کو اپنے لیے بدقسمت قرار دیتے ہوئے بیان دیا کہ اس کی ملکیت حاصل کرنے کے بعد ہی اس کے کاروباری زوال کا آغاز ہوا جو اس کے دیوالیہ پن پر منتج ہوا۔ وجے مالیا کے مطابق اس نے یہ تلوار اپنے والد کے پرانے نوکر کو دے دی تھی۔ بیس سال بعد مئی 2023 میں یہی تلوار لندن کے مشہور نیلام گھر ’بونہمز‘ میں چودہ ملین برطانوی پونڈ (تقریباً پانچ ارب بیس کروڑ روپے) میں نیلام ہوئی جو آج تک کسی بھی ہندوستانی یا اسلامی تاریخی چیز کی ریکارڈ قیمت ہے۔
ٹیپو سلطان کی یہ خاص اور نایاب تلوار جو بیڈ چیمبرتلوارکے نام سے پہچانی جاتی ہے، ٹیپو سلطان کی خوابگاہ کی ساتھی تھی۔ کسی بھی وقت خود پر ہونے والے ناگہانی حملے سے تحفظ اور کسی ایمرجنسی کی صورت میں اس سے نمٹنے کیلئے وہ رات کواپنے شاہی آرام دہ بستر پر سونے کے بجائے چھت سے لٹکے ہوئے ایک جھولے میں سوتے تھے اور اپنے ساتھ یہ تلوار اور دو عدد پستول رکھتے تھے۔ یہ تلوار سرنگا پٹم کی جنگ میں شہادت کے بعد سلطان کے محل میں ہونے والی لوٹ مار کے دوران ان کی خوابگاہ (بیڈ چیمبر) سے ملی تھی۔ بعد ازاں یہ تلوار اس جنگ کے فاتح کمانڈر میجر جنرل سر ڈیوڈ بیرڈ کو اس فتح اور بہادری کے نشان کے طور پر پیش کی گئی۔ تقریباً 205 سال تک یہ تلوار سر ڈیوڈ بیرڈ کی اولاد کے پاس رہی جسے انہوں نے 2003 میں نیلام کر دیا۔ دوسری بار یہ تلوار بیس سال بعد 2023 میں ناقابلِ یقین قیمت پر نیلام ہوئی۔ اس کو خریدنے والے نے آج تک اپنی شناخت ظاہر نہیں کی۔
تقریباً ایک میٹر لمبائی کی اس تلوار کا بلیڈ خالص ترین معیار کے فولاد Wootz steel سے بنا ہوا ہے جس کی مضبوطی‘،لچک، کاٹنے کی صلاحیت پوری دنیا میں مشہور تھی۔ سکھیلا طرز کی یہ تلوار ہندوستان میں عام مستعمل خمدار ہندی تلواروں کے برعکس فرانسیسی طرز کے بالکل سیدھے ایک دھار والے بلیڈ پر مشتمل ہے۔ تاہم آگے جاکر نوک والی سمت پر یہ دو دھاری ہو جاتی ہے۔ تلوار کے دستے پر انتہائی نفیس خطِ ثلث میں اللہ تعالیٰ کے صفاتی نام: یاناصر، یافتاح، یانصیر، یامعین، یاظہیراللہ لکھا ہوا ہے جبکہ بلیڈ کی پشت پر سونے سے ’مالک شمشیر‘گودا ہوا ہے۔ اس کے دستے اور بلیڈ کے اوپری حصے میں سونے کی تاروں کی پچی کاری اور جڑت کاری کی گئی ہے۔ اس پر ایک فارسی شعر بھی کھود کر تحریر کیا گیا ہے:
شد برقِ جانِ کافراں تیغِ ظفر بنیادِ من
سلطانِ دیں حیدر بود روزِ فتح بر امدادِ من
سرنگا پٹم کی جنگ میں ٹیپو سلطان کی شہادت کے بعد یہ خاص تلوار دیگر چار تلواروں کے ہمراہ سر ڈیوڈ بیرڈ کو جنگ کے فاتح کمانڈر کے طور پر پیش کر دی گئی۔جبکہ ٹیپو سلطان کا ذاتی سامان اور دو تلواریں جن میں سلطان کی ذاتی جنگی تلوار بھی شامل تھی، مدراس کے گورنر ایڈورڈ کلائیو کو دے دی گئیں۔ چھ شیروں کے سروں پر مشتمل سونے کے دستے والی یہ خمدار تلوار پووس کاسل میں پڑی ہے اور میں پووس کاسل میں تھا۔
(بشکریہ: روزنامہ دنیا)