بند راستے،منجمد نظام

یہ ہمارا اجتماعی نوسٹلیجیا ہے یا واقعی 78سالہ تاریخ میں ہم نے ترقی معکوس کا سفر کیا ہے۔ کیا وجہ ہے کہ عوام کو گزرے ہوئے برسوں کے حالات اچھے لگتے ہیں اور لمحہ موجود کے بارے میں ان کی رائے مایوس کن ہوتی ہے۔ یہ روٹی، کپڑا اور مکان کا چکر کوئی نیا تو نہیں۔ نصف صدی پہلے کا ہے۔

گویا حالات اس وقت بھی کچھ اچھے نہیں تھے، مگر اب لوگ یادکرتے ہیں بھٹو نے غریبوں کا بہت خیال رکھا تھا۔ جب بھٹو کا دورِ حکومت تھا تو صدر ایوب خان کی یاد آتی تھی کہ انہوں نے ترقیاتی منصوبے دیئے تھے، عوام کو خوشحالی سے متعارف کرا دیا تھا۔ حیرت والی بات تو یہ ہے کہ ہمارا حال، کبھی ماضی سے کیوں بہتر نہیں ہوا۔ کبھی ہم یہ بھی تو کہیں کہ ایک زمانے میں ہم بدحال تھے، آج خوشحال ہیں، غربت کا نام تو کیا نشان بھی دور دور تک نظر نہیں آتا۔ یہ ماضی پرستی ہماری قومی عادت ہے یا واقعی ہمارا ماضی ہمیشہ حال سے بہتر رہا ہے۔

 78سال کوئی کم عرصہ نہیں ہوتا۔ اتنے عرصے میں تو دوسری قوموں نے اپنے ماضی کی غربت، پسماندگی، جہالت اور بدحالی کو دفن کر دیا ہے۔ اب وہ ایک خوشحال اور ترقی یافتہ قوموں کی حیثیت سے پہچانی جاتی ہیں۔ ہماری ترقی کی رفتار کا اندازہ تو اس بات سے بھی کیاجا سکتا ہے کہ ہم نے قرضوں کو بڑھانے میں دن دو گنی رات چوگنی ترقی کی ہے۔ سینکڑوں ارب سے ہزار ارب ڈالرز تک کے قرضوں کا سنگِ میل ہم نے بڑی کامیابی سے عبور کرلیا ہے اورابھی تیز رفتاری سے لاکھوں ارب تک بڑھ رہے ہیں۔ آج اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ ملکی آبادی کا چالیس فیصد غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزار رہا ہے۔ یہ چالیس فیصد سال بہ سال بڑھا ہے۔ بجائے کم ہونے کے غربت بڑھانے کی ٹیکنالوجی بھی صرف ہمارے پاس ہے۔ خواندگی کی شرح میں بھی ہم پیچھے کی طرف جا رہے ہیں۔ کروڑوں بچے سکول ہی نہیں جاتے اور ہمیں اس کی پروا بھی نہیں ہے۔ آپ بزرگوں کے ساتھ بیٹھیں وہ درجنوں ایسی باتیں بتائیں گے جو ان کے دور میں اچھی تھیں، اب باقی نہیں ہیں، وہ کہیں گے ایک پیسہ آمدنی ہوتی تھی اور اسی سے گھر چلتا تھا، اب ہزاروں روپے بھی ہوں تو دو وقت کی روٹی پوری نہیں ہوتی۔ اب لوگ یاد کرتے ہیں کہ صرف دو تین سال پہلے پٹرول ڈیڑھ سو روپے لٹر ملتا تھا اب ساڑھے تین چارسو تک ملتا ہے۔ آمدنی وہیں کھڑ ی ہے اشیا کے نرخ بڑھ گئے ہیں، اب وہ ماضی کے اچھے دنوں کو یاد نہ کریں تو کیا کریں۔ حتیٰ کہ ٹریفک چالان کی رقم بھی کئی سو گنا بڑھا دی گئی ہے۔ ماضی میں سو ڈیڑھ سو کا چالان ہوتا تھا، اب سیدھا کم از کم 2ہزار اور زیادہ سے زیادہ پانچ ہزار روپے ہوتا ہے جس ملک میں آمدنی ہی دو ہزار روپے روزانہ نہ ہو، وہاں ایک چالان ہی سارے کس بل نکال دیتا ہے۔

اچھے زمانے کی یاد کسے نہیں آتی، مگر مزا تو تب ہے کہ زمانہ حال اتنا اچھا آ جائے کہ ماضی کے اچھے زمانوں کی یاد بھول جائے، لیکن نہیں صاحب پاکستانیوں کا ایسا مقدر نہیں یہاں جو سیاسی حکومتیں آئیں انہوں نے بھی ماضی کی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنائے رکھا کہا ہم دودھ اور شہد کی نہریں بہا دیں گے مگر ہوتا کیا رہا ہے۔ ہم سب جانتے ہیں۔ آنے والوں نے جانے والوں کے ہر معاملے میں ریکارڈ توڑے، غربت، مہنگائی، کرپشن، بری گورننس اور عوام پر ظلم پہلے سے بڑھتا رہا۔ اس کی کبھی بھی کمی نہیں آئی۔ آج ہم نئی نسل کو بتاتے ہیں کہ ہمارے زمانے میں یہ اچھا تھا وہ اچھا تھا۔ اب وہ اپنی نسل کو کیا بتائیں گے، شاید ان کے پاس تو کچھ اچھا بتانے کا مواد بھی نہ ہو۔

کل صبح واک کے دوران چند نوجوان بھی شامل ہو گئے۔ ایک نے پوچھا سر جب آپ نے تعلیم مکمل کی تھی تو کیا آپ کو فوراً جاب مل گئی تھی۔ میں نے کہا ہاں مل گئی تھی، میں صادق پبلک سکول بہاولپور میں لیکچرار بن گیا تھا۔ یہ سنتے ہی ایک نوجوان نے کہا  ’سر آپ تو بہت لکی تھے۔ ہمیں تو تعلیم مکمل کئے ہوئے ڈیڑھ دو سال ہوگئے ہیں کوئی مناسب جاب ہی نہیں مل رہی‘۔ میں نے کہا ہاں تم ٹھیک کہتے ہو۔ ہمارے زمانے میں تعلیم کا اتنا رجحان نہیں تھا،کم لوگ نکلتے تھے اور انہیں ملازمت مل جاتی تھی۔ اس پر ایک عینک لگائے نوجوان نے کہا سو اس میں ہمارا کیا قصور ہے۔ اگر تعلیم کا پھیلاؤ آیا ہے تو آگے ملازمتوں کا بھی تو انتظام ہونا چاہیے۔ صرف کاغذ کی ڈگریاں ے کر ہم کب تک پھرتے رہیں گے۔ حکومت نے نوکریاں دینا بند کردی ہیں اور نجی شعبے کے پاس گنجائش نہیں، آپ کا زمانہ اچھا تھا کہ ملازمت ملی اور آپ نے اپنی عملی زندگی کاآغاز کیا۔یہاں تو آگے صرف اندھیرا ہی نظر آ رہا ہے۔

 مجھے اس کی آنکھوں میں موجود مایوسی دیکھ کر افسوس بھی ہوا اور ڈر بھی لگا۔ نئی نسل کو ہم کس طرف لے جا رہے ہیں۔ ان کے سامنے سنہرا مستقبل تو دور کی بات کسی عام سے مستقبل کی امید بھی باقی نہیں ہے، اگر کوئی آج مجھ سے یہ سوال پوچھ لے کہ ہم نے کسی معاملے میں ترقی کی ہے تو میں حقیقتاً بغلیں جھانکنے لگوں گا۔ ٹھیک ہے سنگ و خشت کے ہم نے جہاں آباد کرلئے ہیں، شہر چمکا دیئے ہیں مگر انسانی ترقی کے شعبے میں ہم نے کیا کیا ہے۔ بے روزگاری اور بس بے روزگاری۔ دوسری طرف آپ دیگر شعبے لے لیں۔طب کا شعبہ شدید زبوں حالی کا شکار ہے۔ آبادی بڑھنے کے ساتھ ساتھ ہم نے اسے ترقی دینے کی کوشش ہی نہیں کی۔ ہسپتالوں کی ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور میں جا کر دیکھیں تو لگتا ہے نفسا نفسی کا ایک بازار ہے۔ علاج نہیں ہوتا، دوائی نہیں ملتی، جھگڑے ہوتے ہیں، مقدمے بنتے ہیں۔ اب تیس چالیس سال پہلے کا زمانہ دیکھیں تو بہت آئیڈیل نظر آتا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں توجہ بھی دی جاتی تھی اور مفت ادویات بھی ملتی تھیں وقت کے ساتھ اسے بہتر ہونا چاہیے تھا مگر یہ تو بدتر ہوتا گیا۔

انصاف کے معاملے پر نظر ڈالیں، عالمی سطح پر ہم کس مقام پر کھڑے ہیں؟ کیوں بھئی کیا ہمارے پاس جج نہیں ہیں، بھاری تنخواہیں دینے کی قوم سکت نہیں رکھتی یا ہم نے عالیشان عمارتیں انصاف کے لئے مختص نہیں کیں؟ سب کچھ تو دیا ہے، ان بھوکے عوام نے مگر انہیں انصاف دینے والا نظام نہیں مل سکا، کیا یہ ہمارا مقدر ہے کہ ہم نے آگے نہیں بڑھنا۔ کسی شعبے میں کسی کام میں۔ کیا قومیں ایسے زندہ رہتی ہیں۔ جمہوریت کے نام پر قائم ہونے والے ملک میں جمہوریت کو کبھی پیروں پر کھڑے نہیں ہونے دیا گیا۔تجربے اور تجربے اور تو اور ایک شفاف نظام انتخاب کی بھی بنیاد نہیں رکھی جا سکی، آج بھی کہتے ہیں صرف 1970 کے انتخابات شفاف تھے۔ دنیا میں اس حوالے سے کتنی جدت اور تبدیلیاں آگئیں مگر ہم نے پرچی پر انحصار کیا ہوا ہے، کوئی اچھی مثال قائم کریں گے تو آگے بڑھیں گے، لیکن کرے کون؟

(بشکریہ: روزنامہ پاکستان)