پانچ سوال امریکا کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے
- تحریر عمار مسعود
- منگل 10 / نومبر / 2026
امریکا کے مڈٹرم الیکشن نوشتۂ دیوار تھے۔ دنیا جس بھونچال سے گزر رہی ہے، اس میں امریکی حکومت کے استبداد سے انکار ممکن نہیں۔ پوری دنیا میں کساد بازاری اپنے عروج پر ہے۔ پیٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔
مہنگائی کا طوفان صرف پاکستان میں نہیں آیا، دنیا کے تقریباً تمام ممالک اس کی زد میں آ چکے ہیں۔ یہ کم ہی ہوا ہے کہ پوری دنیا میں مہنگائی میں یکدم اضافہ ہو جائے، سب ممالک کے غریب لوگوں پر بیک وقت عرصۂ حیات تنگ ہو جائے۔ ساری دنیا میں اشیائے خور و نوش عام آدمی کی دسترس سے باہر ہو جائیں۔
اس جرم کا گناہ دو افراد کے سر ہے۔ ایک ڈونلڈ ٹرمپ، جس نے پہلے نعرہ لگایا کہ وہ دنیا سے جنگیں بند کروانے کے لیے وارد ہوئے ہیں اور پھر اسی شخص نے ایک ایسی جنگ شروع کر دی جس کے شعلوں کی لپیٹ میں تمام عالم آ گیا۔ اس تباہی کا دوسرا قصور نیتن یاہو کا ہے، جس نے مسلم دشمنی کی خاطر امریکی صدر کو بلیک میل کیا اور پوری دنیا کا امن، معیشت اور استحکام برباد کر دیا۔ ان دو افراد کو اپنے کیے کی سزا ووٹ کے ذریعے مل چکی ہے۔
نیتن یاہو مطلوبہ اکثریت حاصل نہیں کر سکے اور اب ان کا اقتدار ڈول رہا ہے۔ ٹرمپ کو بدترین شکست ہوئی۔ وہ نشستیں جو ہمیشہ سے ری پبلیکنز کا اثاثہ رہی ہیں، ان پر بھی ڈیموکریٹس کے امیدوار کامیاب ہوئے۔ اب ٹرمپ اگلے دو سال صدر تو رہیں گے لیکن بہت سی رکاوٹیں ان کی راہ میں حائل ہیں۔ وفاداروں میں سے بعض کے استعفے آ چکے ہیں اور بہت سے اپنی باری کے منتظر ہیں۔ اگلے دو سال یہ دنیا اور امریکی حکومت کیسی ہو گی؟ اس کا جواب پانچ سوالوں میں پوشیدہ ہے۔ ان پانچ سوالوں کے جواب فیصلہ کریں گے کہ دنیا کیسے چلے گی؟ ٹرمپ کا کیا بنے گا؟ حالات کیا ہوں گے؟
پہلا سوال یہ ہے کہ ٹرمپ اور ڈیموکریٹس کے تعلقات اگلے دو برسوں میں کیسے رہیں گے؟ کیا معاملات انتشار کی طرف جائیں گے؟ اختلافات بڑھیں گے؟ یا اتحاد و یگانگت کی فضا ہو گی؟ ٹرمپ کی سرشت کو جانتے ہوئے لگتا یہی ہے کہ انہیں ویٹو کے ذریعے اپنے احکامات منوانے ہوں گے لیکن ویٹو کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔ امریکی نظام مطلق العنانیت کی اجازت نہیں دے گا۔ لیکن ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر ’ویٹو‘ لکھ کر بتا دیا ہے کہ ان کے عزائم کیا ہیں؟ وہ شکست تسلیم تو کر رہے ہیں مگر مان نہیں رہے۔
دوسرا اور سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کیا امریکا اور ایران کی جنگ ختم ہو جائے گی؟ جس آگ میں ٹرمپ نے دنیا کو جھونک دیا ہے، کیا اب اس آگ پر پانی ڈالا جائے گا؟ اسی جنگ نے ری پبلیکنز کو شکست سے دوچار کیا، اسی جنگ نے ہر ملک میں کساد بازاری میں اضافہ کیا، اسی جنگ کے ذریعے مسلم ممالک کو آپس میں لڑوانے کی کوشش کی گئی۔ کیا جنگ کی اس پالیسی پر نظرثانی ہو گی؟ یا پھر دنیا میں اس آگ کو جلتا رہنے دیا جائے گا؟ نائب صدر جے ڈی وینس کا ٹوئٹ اعترافِ جرم کی حیثیت رکھتا ہے، جس میں تسلیم کیا گیا کہ جنگ ان کی شکست کا باعث بنی۔ اب جنگ سے جان چھڑانے کا مرحلہ ہے۔ امریکا اس میں کب پہل کرتا ہے؟ اس سوال کے جواب کا سب کو انتظار ہے کیونکہ جنگ ختم ہو گی تو افراطِ زر ختم ہو گا، امن و امان بحال ہو گا، تیسری عالمی جنگ کے خطرے کے بادل چھٹ جائیں گے اور دنیا بھر میں پیٹرول کی قیمت کنٹرول میں آئے گی۔
تیسرا اور اہم سوال یہ ہے کہ امریکا میں اشیا کی قیمتیں کم ہوں گی یا نہیں؟ عام خیال یہ ہے کہ امریکی عوام ایران پر مسلط کی جانے والی جنگ سے سخت نالاں تھے اور یہی بات ٹرمپ کے تنزل کا سبب بنی۔ چند تجزیہ کاروں کا خیال اس سے مختلف ہے۔ امریکی عوام کو اس بات سے کبھی کوئی فرق نہیں پڑتا کہ امریکا کہاں جنگ شروع کرتا ہے؟ کہاں بمباری کرتا ہے اور کہاں تباہی لاتا ہے؟ ان کا اصل مسئلہ امریکا میں اشیائے صرف کی قیمتیں ہیں۔ جنگ کے اثرات ان کے گھروں پر پڑنے لگے تو انہیں جنگ بری لگنے لگی۔ اگر اس جنگ سے قیمتوں میں اضافہ نہ ہوتا تو شاید ڈونلڈ ٹرمپ جنگ کے باوجود الیکشن میں کامیاب ہو جاتے۔ شکست کے بعد اب ان کی ہر پالیسی پر چیک بڑھ گئے ہیں۔ اب بے مہار فیصلوں کی اجازت نہیں ہو گی، اب اگر قیمتوں میں کمی ہو جاتی ہے تو معاملہ قابو میں رہے گا، نہیں تو ری پبلیکنز کا بدترین حشر دو سال بعد ہونے والے عام انتخابات میں ہو گا۔
چوتھا سوال یہ ہے کہ اب ٹرمپ کے خلاف انکوائریاں کتنی کھلیں گی؟ کرپشن کے کتنے کیس سامنے آئیں گے؟ ہر معاملہ حکومتی کمیٹیوں سے گزر کر آگے بڑھے گا یا نہیں؟ کیا ایپسٹین فائلز والا مکروہ معاملہ اور اس میں ٹرمپ کی شمولیت کے ثبوت سامنے آئیں گے؟ کیا مواخذے کی تحریک زور پکڑے گی؟ کیا ٹرمپ اپنی مدت پوری کر سکیں گے؟ کیا نظامِ حکومت ویٹو کی قوت سے چلایا جائے گا؟
آخری سوال یہ ہے کہ ری پبلیکنز اب ٹرمپ میں کتنی دلچسپی لیں گے؟ ان کو پتا ہے کہ ٹرمپ ایک گھوڑا ہے جو پٹ چکا ہے۔ ایک کارتوس ہے جو چل چکا ہے۔ اب ان کی نظر اگلے دو سال کے الیکشن پر ہو گی۔ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی خامیوں اور کوتاہیوں کا بوجھ کس حد تک اٹھائیں گے؟ اب ان کی نظر آنے والے الیکشن کے صدارتی امیدوار پر ہو گی اور اس کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر مقبول فیصلوں پر کھل کر تنقید کرے۔ تو دیکھنا یہ ہو گا کہ ری پبلیکنز اب ٹرمپ کا دفاع کرتے ہیں یا اس سے جان چھڑاتے ہیں؟
ان پانچ سوالوں کے جواب امریکی سیاست، امریکی حکومت اور دنیا کے امن و استحکام کا فیصلہ کریں گے۔ دنیا کی سیاست، معیشت اور معاشرت کے مستقبل کا فیصلہ ان پانچ سوالوں کے جواب میں مضمر ہے۔ جواب کیا ہو گا؟ مستقبل کون سی کروٹ لے گا، یہ تو کسی کو نہیں معلوم لیکن حال سب پر آشکار ہے۔
اب تک کا سچ یہ ہے کہ جنگ اور جنگ کے بنیادی کرداروں کو ووٹ کی طاقت نے شکست فاش دے دی ہے۔
(بشکریہ: وی نیوز)