کاش میں اسے پا نہ سکوں
- تحریر امر جلیل
- منگل 10 / نومبر / 2026
آج تک آپ سندھ کے بارے میں جتنی برائیاں اور چونکا دینے والی خامیاں سنتے آئے ہیں اور جتنے قصے گھڑ گھڑ کر آپ کے گوش گزار کیے جاتے ہیں، یقین کیجئے من گھڑت، جھوٹے، اور مطلبی ہوتےہیں۔
میری بات کا یقین کیجئے، یہ درست ہے کہ میں نامی گرامی جھوٹا ہوں، جھوٹ کے سوا میں نہ کچھ لکھتا ہوں، نہ بولتا ہوں، مگر منہ کا ذائقہ بدلنے کیلئے جھوٹ بولنے والوں کو کبھی کبھار سچ بولنا پڑتا ہے۔ آج میری بات کا یقین کرلیجئے کہ سندھ کے بارے میں جتنی خرافات آپ نے سنی ہیں، وہ سب باتیں سراسر جھوٹ ہیں سچ کا رتی بھر عنصر نہیں ہے ان باتوں میں۔ کھنگال کر ایک ایک خامی میں آپ کے سامنے رکھ دوں گا۔ اس کے بعد آپ فیصلہ کیجئے گا کہ آپ سےکہیں دھوکہ تو نہیں کیا جارہا ہے؟
حقائق کو برعکس کرکے دکھانا آج کل کا پسندیدہ شیوہ بنا ہواہے۔ سب لوگ اس بات کو پسند کرتے ہیں۔آخر آپ کب تک صرف سچ اور صرف جھوٹ سنتے اور پڑھتے رہیں گے؟ نمکین اور میٹھا ملا کر کھانے سے ذائقے کا مزہ دوبالا ہوجاتا ہے۔ میں نے آپ کو آزمائی ہوئی بات بتادی ہے۔ آزمائش شرط ہے۔ اس لئے وثوق سے میں کہہ سکتا ہوں کہ بھلے مانس سندھ کو بدنام کرنےکے پیچھے لگے ہوئے ہیں۔ مت بھولیں کہ سندھ صوفیوں کا مسکن ہے۔ لڑائی جھگڑا، مارکٹائی، تیزی تندی صوفیوںکی فطرت میں آپ کو نہیں ملیں گے، دھینگا مشتی، سرزوری، جبر، تشدد کسی صوفی کی ذات میں آپ نہیں پائیں گے، سینہ زوری صوفی مت کی نفی ہے۔ صوفی صرف محبت کرنا جانتے ہیں، آپ اپنی ذات سے جب تک نفرت جڑ سے اکھاڑ کر پھینک نہیں دیتے، آپ صوفی کہلوانے میں نہیں آسکتے ۔
اب میں آپ کو ایک مثال دیتا ہوں ۔ مثال دینے کے ساتھ ساتھ ایک گزارش بھی کرتاہوں۔ محبت کے بارےمیں میرا یہ قصہ آپ دونوں، آ پ دونوں سےمیری مراد ہے مجھے اردو میں پڑھنے والے اور سندھی میں پڑھنے والے ، غور سے اور پیار سے پڑھیں، ذرہ سی بھول چوک میرے لئے مسائل پیدا کرسکتی ہے۔ زور آور کراچی سے باہر سندھ کی سرزمین پر میرے قدم رکھنے پر پابندی لگاسکتےہیں۔ میری کتابوں کے پڑھنے پر پابندی لگاسکتے ہیں۔ میرا سماجی بائیکاٹ کرسکتے ہیں۔ کسی ہال میں مجھے دیکھ کر، سندھی سامعین ہال خالی کرکے جاسکتے ہیں۔ نعرے لگا سکتےہیں، غدار نہ کھپے، ایجنسیز جو ایجنٹ نہ کھپے۔ ایسی گت، ایسی صورت حال میں قبول نہیں کرسکتا۔ بہتر ہے کہ میں اپنے جھوٹ لکھنے اور جھوٹ بولنے پر اکتفا کروں۔ پھرسے التجا کرتاہوں کہ موجودہ مثال غور سے پڑھیں، میں آپ کو یقین دلواتا ہوں کہ میں کارو کاری کے حق میں ہوں، یعنی کارو اور کاری کو ساتھ رہنے، جینے اور مرنے کا حق نہیں ہے، عافیت اسی میںہے دونوں کو ماردیا جائے۔
انگریزی کے دیرینہ دشمن ذرا سا برداشت کرلیں کاروکاری کا انگریزی ترجمہ ہے، لو میرج۔ میں آپ کو بتاچکا ہوں کہ سندھ صوفیوں کا مسکن ہے ۔ ہمارے یہاں ایک دوسرے سے نفرت اور حقارت کرنے کی گنجائش نہیں ہے۔ اپنے معاشرے سے صوفی نفرتوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیتے ہیں۔ واضح ثبوت تو میرے پاس نہیں ہے۔ میں سمجھتا ہوں صوفی کرام لُو میرج کے حق میں نہیں ہوتے۔ یہ اُن کے بین الاقوامی دھیان اور سوچ بچار کا حاصل ہے۔ دنیا کے تمام ممالک لو میرج کے حق میں ہیں۔
کھلکھلاتے ہوئے شادی بیاہ ہوجاتےہیں اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے ہنسی خوشی سے اپنی پسند کی شادی ٹوٹ جاتی ہے۔ قسمیں وعدے بکھر جاتے ہیں ۔ محبت سے رچائی ہوئی شادی نفرتوں میں بدل جاتی ہے۔ سابق میاں بیوی ایک دوسرے کی شکل دیکھنا گوارا نہیں کرتے۔ عدالتوں میں مقدمے چلتےہیں اور میاں بیوی ایک دوسرے کو نیچا دکھاتے ہیں۔ ناکام لو میرج کا ابتر نتیجہ بچوں کو بھگتنا پڑتا ہے۔ عام طور پر بچے ماں باپ کی شفقت ، پیار اور محبت سے محروم رہ کر بڑ ے ہوتے ہیں۔ بے بسی کی بے انتہا بڑی دنیا اپنے اندر بسا لیتے ہیں۔ میں کسی حتمی نتیجے تک پہنچنا نہیں چاہتا۔ دھول کےبرابر میری حیثیت ہے۔ میں صرف سمجھ سکتا ہوں، محسوس کرنے کی کوشش کرتاہوں، ہمارے صوفی صاحبان عبرتناک پسند کی شادی قبول نہیں کرتے۔ مل کر آپ دونوں، میاں اور بیوی دن رات محنت کرکے ایک گھر بساتےہیں، بچوں کو جنم دیتے ہیں اور پھردیکھتے ہی دیکھتے آپ دونوں کا جی ایک دوسرے سے بھر جاتا ہے۔ ایک دوسرے کی خامیوں کو آپ بہت بڑھا چڑھا کر دیکھتے ہیں، محبت آہستہ آہستہ نفرت میں بدلنے لگتی ہے۔
آپ دونوں ایک دوسرے کو گوارا نہیں کرتے۔ برسوں کی کاوشوں سے بنایا ہوا گھر اجڑنے لگتا ہے۔ اور پھر اس کے بعد پچھتاوے کے سوا کچھ باقی نہیں بچتا۔ صوفی ایسی بے بقا محبت کو قبول نہیں کرتے۔ شاہ لطیف کا ایک شعر سن لیجئے۔ کہتے ہیں:
زندگی بھر میں اسے ڈھونڈتا رہوں
تلاش کرتا رہوں،
مگر اے کاش ، میں اسے کبھی پانہ سکوں۔
اب سوال پیدا ہوتا ہے، کیا پیار اور پسند کی شادی کرنے والوں کو بے دردی سے کبھی ٹرین میں، کبھی بس میں، کبھی مارکیٹ میں، کبھی گھر میں گھس کر قتل کردیا جائے؟ جواب میں کسی صوفی کی زبانی سننا چاہتاہوں۔
(بشکریہ: روزنامہ جنگ)