ایران اپنا افزودہ یورینیم ملک سے باہر نہیں جانے دے گا: محسن رضائی
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایران اپنی افزودہ یورینیم کا ایک بھی ذرہ بیرونِ ملک منتقل نہیں کرے گا اور خود اسے استعمال کرے گا۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق المدین ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں محسن رضائی کا کہنا تھا کہ ’افزودہ جوہری مواد کی معمولی ترین مقدار بھی ایران سے باہر نہیں لے جائی جائے گی۔‘ محسن رضائی نے کہا کہ تہران نے اپنے روسی دوستوں کو بھی آگاہ کر دیا ہے کہ افزودہ مواد ایران ہی میں رہے گا اور ایران خود اسے استعمال کرے گا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ایران کو جوہری توانائی سے چلنے والے جہازوں اور آبدوزوں کے لیے افزودہ جوہری مواد کی ضرورت ہے۔ رضائی نے جنگ کے خاتمے اور امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے ایران کے مؤقف کا بھی خاکہ پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی جنگ بندی کا اطلاق مغربی ایشیا کے تمام محاذوں پر ہونا چاہیے، خاص طور پر لبنان میں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے دوبارہ فوجی حملہ کیا تو اس کے جواب میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا، جن میں ایران سے دور واقع اڈے بھی شامل ہوں گے۔
سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران جنگ کے خاتمے کے لیے کئی شرائط پیش کر چکا ہے، جن میں لبنان سمیت تمام محاذوں پر لڑائی کا خاتمہ، بحری ناکہ بندی کا خاتمہ، ایران کے منجمد اثاثوں بحال کرنے اور مستقبل میں دوبارہ فوجی جارحیت نہ کرنے کی ضمانتیں شامل ہیں۔