خیبر پختون خوا میں پولیس پر حملہ متعدد جاں بحق

  • بدھ 11 / نومبر / 2026

خیبر پختونخوا کے حکام کا دعویٰ ہے کہ کوہاٹ شہر میں دربوکچ کے علاقے میں شدت پسندوں کی جانب سے پولیس پر کیے گئے ایک حملے میں کم از کم 12 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

تاہم اس حوالے سے مزید کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی ہے۔ خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ اُس وقت ہوا جب پولیس اس علاقے میں شدت پسندوں اور جرائم پیشہ عناصر کے گٹھ جوڑ سے جاری غیرقانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن میں مصروف تھی۔ اعلامیے کے مطابق اس واقعے میں اب تک آٹھ پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ چند ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔

خیبرپختونخوا پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اور سکیورٹی فورسزکے تازہ دم دستے جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں جبکہ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ یاد رہے کہ یہ واقعہ کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کی حدود میں پیش آیا ہے جو جو کوہاٹ شہر سے تقریباً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

خیبر پختونخوا کے علاقے کوہاٹ میں پولیس پارٹی پر حملے کے بعد ہنگامی امداد کے ادارے ریسکیو 1122 نے واقعے میں 12 پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ادارے کی جانب سے جاری ایک ویڈیو میں ریسکیو 1122 کوہاٹ کے ترجمان جواد آفریدی نے بتایا کہ پولیس پارٹی پر فائرنگ کے بعد اب تک تقریباً 12 پولیس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمی پولیس اہلکاروں نے انہیں بتایا ہے کہ جائے وقوعہ پر کچھ اہلکاروں کی لاشیں پڑی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ دشوار گزار علاقہ ہونے کی وجہ سے وہاں تک پہنچنے میں وقت لگ رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب انہیں ہلاکتوں کی تصدیق ہو جائے گی تو وہ تفصیلات جاری کر دیں گے۔

حکام کی جانب سے تاحال سرکاری سطح پر ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی گئی ہے۔ تاہم پولیس کی جانب سے جاری بیان میں حکام نے چند ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا تھا جبکہ گورنر ہاؤس سے جاری بیان میں بھی پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کا تذکرہ ہے۔

یہ واقعہ کوہاٹ شہر سے تقریباً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کی حدود میں دربو کچ کے نزدیک پیش آیا ہے۔ یہ علاقہ کوہاٹ اور راولپنڈی کو ملانے والی شاہراہ کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے جغرافیائی اور تجارتی لحاظ سے اہمیت رکھتا ہے۔

مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ دربو کچ بنیادی طور پر خوشحال گڑھ اور کشر درہ کے درمیان واقع ہے یہ ایک لمبی پٹی ہے جو دریائے سندھ کے ساتھ ساتھ چلتی ہے۔ اس علاقے میں دریا کے کنارے سونے کی تلاش کا کام کیا جاتا ہے اور علاقے میں ہمیشہ سے شورش زدہ رہا ہے۔ اس علاقے میں اس سے پہلے بھی مقامی گروہوں کے درمیان لڑائیاں اور پولیس کے چھاپے پڑ چکے ہیں۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا گورنر فیصل کریم کنڈی نے کوہاٹ میں پولیس ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ گورنر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی نے کوہاٹ میں جرائم پیشہ عناصر اور شدت پسندوں کے غیر قانونی مائننگ کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے میں کچھ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کا حوالہ دیا ہے۔

تاہم گورنر ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی گئی۔ اس سے قبل خیبر پختونخوا پولیس نے بھی اپنے بیان کچھ اہلکاروں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔