اردو کے عالمی سفیر

پاکستانی دنیا میں جہاں کہیں بھی ہیں،اردو زبان و ادب سے محبت میں بندھے ہوئے ہیں۔ یہ کہنا بے جا نہیں ہو گا کہ عالمی سطح پر اردو کی بستیاں آباد کی ہوئی ہیں جو پاکستانیت اور اردو زبان کی ترویج و اشاعت کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔

 امریکہ وہ ملک ہے جہاں اردو ادب کو باقاعدہ ایک منظم انداز سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ویسے تو کینیڈا، برطانیہ، جرمنی، متحدہ عرب امارات بھی ایسے ممالک ہیں جہاں پاکستانی اپنی ادبی و تہذیبی شناخت کو قائم رکھے ہوے ہیں اور اُن کی سرگرمیوں سے دنیا بھر میں ادب کی آگاہی ہوتی رہی ہے۔  تاہم امریکہ کی متعدد ریاستیں اور شہر ایسے ہیں جو اب ادب کا بڑا مرکز بن گئے ہیں۔ میں شخصیات کے نام گننے لگوں تو گنتی میں نہیں آتے۔ امریکہ جیسی مصروف زندگی میں اپنے ملک، ادب اور زبان و ثقافت کے لئے وقت نکالنا آسان نہیں ہوتا، مگر امریکہ کے در و دیوار ہمیشہ اردو ادب کی کانفرنسوں، مشاعروں، سیمینارز اور دیگر تقریبات سے گونجتے رہتے ہیں۔ وکیل انصاری،غضنفر ہاشمی، بینا گوئندی، سید الطاف بخاری، مجید اختر، مونا شہاب، ناہید ورک، ظہور ندیم، نسیم سید، حامد محمود اور بہت سے دوست پاکستانی ادب کا چہرہ نمایاں کئے  ہوئے ہیں۔

 یہ اس لئے بھی ضروری ہے کہ بھارت سے تعلق رکھنے والے ادیب و شاعر بھی اپنے ادب اور زبان کے لئے وہاں کوشاں رہتے ہیں چونکہ اردو اور ہندی میں زیادہ تر رسم الخط کا ہی فرق ہے اور بولنے میں بے حد مشابہت ہے اس لئے اردو کو وہاں ایک بڑی اور موثر زبان کے طور پر زندہ رکھنے کے لئے اس قسم کی سرگرمیاں اور کاوشیں ضروری ہیں اس ضمن میں چند روز پہلے امریکہ کے شہر ہیوسٹن میں ہونے والی دو روزہ عالمی اردو کانفرنس نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ یہ اس لحاظ سے ایک اہم اور بڑی کانفرنس تھی کہ اس میں رکھے گئے موضوعات اور شرکت کرنے والی عالمی سطح کی شخصیات نے شرکت کر کے اس کی اہمیت و افادیت کو بڑھا دیا۔امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں ہونے والا یہ تیسرا پاکستانی دو روزہ فیسٹیول ادب، صحافت، ثقافت اور سماجی مسائل پر اہم سیاحت کی آماجگاہ بنا، گویا دیارِ غیر میں پاکستان کو درپیش مسائل اور چیلنجوں کی اس میں نشاندہی کی گئی، اس فیسٹیول کا اہتمام انٹرنیشنل اکیڈیمی آف لیٹرز یو ایس اے نے کیا تھا جس کے روح رواں ممتاز پاکستانی شاعر، ادیب اور محقق ڈاکٹر غضنفر ہاشمی ہیں۔اس فیسٹیول کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں مختلف ممالک اور پاکستان سے آنے والے سکالرز، ادیبوں،شاعروں اور قلم کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع  کیا گیا تھا۔ انٹرنیشنل اکیڈیمی آف لیٹرز یو ایس اے اب امریکہ میں فروغِ فکر وادب کی ایک موثر تنظیم ہے۔ اس کا یہ تیسرا فیسٹیول پہلے دو ادبی میلوں کے مقابلے میں بہت کامیاب اور دور رَس اثرات کا حامل ثابت ہوا ہے۔

اس دو روزہ ادبی فیسٹیول کے موضوعات پر نظر ڈالی جائے تو اُن میں اتنا تنوع اور گہرائی ہے کہ بڑے تحقیقی مقالوں کا موضوع بن سکتے ہیں۔ ’اردو ادب میں خواتین کی آواز‘ کے موضوع پر ہونے والے مذاکرے میں بڑی اہم گفتگو ہوئی،جس میں پروفیسر ظاہرہ نقوی، بینا گوئندی، عشرت آفریں، ڈاکٹر صائمہ ارم، مونا شہاب جیسی ادب کی سفیر  اظہار کرنے والی تھیں۔ بینا گوئندی نے ایک اہم بات یہ کی کہ ادب کو صرف خواص تک محدود نہیں ہونا چاہئے بلکہ اس کے اثرات کا دائرہ عوام تک پھیلنا چاہئے۔ خاص طور پر پاکستانی سماج کی جو عورت ہے اُس کی نمائندگی ادب میں ہو گی تو یہ کہا جا سکے  گا کہ اردو ادب خواتین کی آواز بن گیا ہے۔ فیسٹیول کے دیگر موضوعات میں ’دو ثقافتیں، دو نسلیں، قیادت کے نئے تصورات‘  ذہنی صحت کے مسائل اور چیلنجز، پاکستانی سینما اور ڈرامہ ماضی و حال، اقبال ہر عہد کا شاعر، پاکستانی میڈیا سچائی اور ذمہ داری، پاکستان کے مستقبل کا نیا تصور، چیلنجز اور مواقع شامل تھے۔ جن میں شریک عالمی شہرت یافتہ سکالرز نے سیر حاصل گفتگو کی۔

دو روزہ تقریبات کے اختتام پر ایک عالمی مشاعرہ ہوا، جس کی نظامت معروف شاعر اور اسلام آباد کی محبوب شخصیت محبوب ظفر نے کی۔ غضنفر ہاشمی نے بتایا کہ عالمی سطح کا دو روزہ ادبی فیسٹیول منعقد کرنا بہت توجہ،وسائل اور شفقت مانگتا ہے۔ یہ انٹرنیشنل اکیڈمی آف لیٹرز یو ایس اے کا اعزاز ہے کہ وہ ایسے مشکل کام کر گزرتی ہے اور ادب کو نئی راہیں اور نئی منزلیں دکھاتی ہے۔انہوں نے بتایا اس فیسٹیول کا افتتاح امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کرنا تھا تاہم آخر وقت پر سرکاری مصروفیات کی وجہ سے وہ نہ آ سکے ۔انہوں نے وڈیو پیغام کے ذریعے خطاب کیا اور اس فیسٹیول کو ادب اور پاکستانی ثقافت کی شناخت میں اہم قدم قرار دیا۔ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل تقریب میں شریک ہوئے، آفتاب چودھری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کی اُن کوششوں کو سراہا جو وہ امریکہ جیسے بڑے ملک میں اپنا موثر کردار ادا کرنے کے لئے کر رہی ہے۔

ہیوسٹن میں سید الطاف بخاری غضنفر ہاشمی، نیو یارک میں وکیل انصاری، میری لینڈ میں بینا گوئندی و حامد محمود، مشی گن میں ناہید ورک، واشنگٹن میں ظہور ندیم، کینیڈا میں اشفاق حسین، قیصر وجدی، عرفان ستار، عظمیٰ محمود، نافع ادا،فاطمہ زہرہ، شکاگو میں عالمی وبستانِ ادب، آسٹریلیا میں طارق مرزا، نگہت نسیم، جرمنی میں شازیہ نورین سعید، عاطف توقیر غرض کس کس کا ذکر کروں، سب پاکستانی ادب کا پرچم اٹھائے ہوئے ہیں۔ان میں برطانیہ بھی ایک بڑے ملک کی حیثیت سے شامل ہے جہاں طہٰ قریشی جیسی شخصیات بھی ہیں جو پاکستان کا درد بھی رکھتی ہیں اور اس کی علمی و ادبی شناخت کو اُجاگر کرنے کے لئے بھی سرگرم ہیں یہ صرف چند نام ہیں۔ حقیقت میں سینکڑوں نہیں ہزاروں ایسے پاکستانی مفکر و ادیب ہیں،جنہوں نے بیرون ملک رہ کر وہاں کی زندگی میں اپنی شناخت مدغم کرنے کی بجائے اسے بڑھایا ہے۔تقریبات کراتے ہیں اردو کی جوت لگاتے ہیں، ویسے تو پاکستانی سفارتخانے ان سرگرمیوں میں شریک ہوتے ہیں ۔

تاہم ضرورت اِس امر کی ہے کہ ایسی تنظیموں کو جو ادبی و ثقافتی حوالے سے سرگرم ہیں، اُن کی ہر طرح ے سپورٹ اور معاونت بھی کی جائے۔درحقیقت پاکستان کی اصل سفیر یہی ہیں،انہی کی وجہ سے وہاں اردوخ ادب اور پاکستانی ثقافت کے  رنگ نمایاں ہوتے ہیں اور وہاں کی یونیورسٹیوں  میں بھی اردو کو اہمیت ملتی ہے۔

(بشکریہ: روزنامہ پاکستان)