چین، امریکہ پھر چین

چینیوں نے اس مرتبہ کچھ ایسی جلدی دعوتِ سفر دی کہ پہلے پاسپورٹ کی طرف دیکھا، کہا کہ بھائی ! پاسپورٹ کی عمر میں چھ ماہ سے کم باقی ہیں اور چین اور باقی دنیا کا دستور یہ ہے کہ ایسی حالت میں ویزے کا دروازہ بند ہو جاتا ہے۔

جواب میں ایک دوستانہ قہقہہ بلند ہوا اور کہاگیا کہ آپ اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں اور آپ کو ہر صورت ساتھ چلنا ہے۔ میں بھی ہنس دیا کہ اپنوں کو انکار ممکن نہیں ہوتا۔ اب اس دوستی کو کیا کہیے کہ جہاں قانون اپنی جگہ موجود ہے، وہاں محبت نے اپنے لئے ایک استثنا بھی پیدا کر رکھا ہے۔ چین میں ہر طرف با تھئے یعنی آہنی بھائی، کا نعرہ سنائی دیتا ہے۔ اس روز معلوم ہوا کہ یہ محض نعرہ نہیں، کبھی کبھی اس کی مہر پاسپورٹ پر بھی لگ جاتی ہے۔

ابھی دو ماہ پہلے دورہ چین سے آیا تھا، پھر امریکہ نے ادھر کھینچا اور اب دوبارہ بیجنگ کا بلاوا آگیا۔ یورپ کی ایک سرکاری دعوت بھی منتظر ہے۔ سفر کراچی کے راستے سے تھا۔ پونے دو برس بعد اس شہر میں قدم رکھا۔ گورنر سندھ نہال ہاشمی بھائی نے استقبال کیا، میزبانی فرمائی اور رخصت بھی کیا۔ معروف کاروباری شخصیت احمد چنائے بھی ملاقات کیلئے تشریف لائے۔ کراچی میں مسلم لیگ ن کے اسد عثمانی، خرم بھٹی اور تنظیم الاخوان سندھ کے صدر امین ملک نے اپنے وفد کے ساتھ ملاقات کی۔ شہر کے حالات پر گفتگو ہوئی تو کئی احباب کی رائے تھی کہ سندھ اور کراچی کے وسائل میں کوئی کمی نہیں، کمی انتظامی صلاحیت کی ہے۔ ان کا خیال تھا کہ اگر یہاں مریم نواز جیسی انتظامی قوت میسر ہو تو پنجاب کی طرح جرائم پیشہ عناصر کا مقابلہ اور شہری سہولتوں کی بہتری ممکن ہے۔ گویا شہر کے پاس دولت ہے، وسائل موجود ، اسے صرف مریم نواز کی تلاش ہے۔

اس سفر میں بلوچستان کے سرکاری افسران کی رفاقت ایک نیا تجربہ ثابت ہوئی۔ ان کے ساتھ وقت گزارا تو بلوچستان کے حالات اور وہاں کے لوگوں کی سوچ کو سمجھنے کا موقع ملا۔ چینی سفیرنے مجھے اس وفد میں شامل کرکے گویا ایک ایسا دروازہ کھول دیا جس سے گزرنے کا موقع پہلے نہ ملا تھا۔ میں بارہا کہتارہا ہوں کہ سی پیک کے مخالف ممالک نے پاکستان میں سلامتی کی صورتحال خراب کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔ اب دونوں دوست ملکوں کو ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر حالات سنبھالنے ہوں گے۔ ذمہ داری صرف ایک کے سر ڈال دینے سے مسئلہ حل نہیں ہوتا۔ چین کی کبھی ون چائلڈ پالیسی رہی تھی ، اس کو سامنے رکھیے۔ کسی چینی شہری کا دہشت گردی کا نشانہ بننا اس کے خاندان کیلئے غیر معمولی صدمہ ہوتا ہے۔ سیاست اپنی جگہ، مگر انسانی دکھ کا حساب بھی کوئی چیز ہے۔

مکہ معاہدے کے بارے میں چین میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ بھارت کے پاکستان پر حملے کی صورت میں معاہدے کے ممالک اپنی افواج بھارت کے خلاف استعمال نہیں کریں گے، جبکہ اسرائیل کے ان ممالک پر حملے کی صورت میں پاکستان فوجی مداخلت نہیں کرے گی۔ میری رائے میں اس معاہدے کا مقصد جنگ میں کودنا نہیں، بلکہ جنگ کا راستہ روکنا اور مخالف کو خبردار کرنا ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی حکمتِ عملی کی تبدیلی اور پچاس فیصد افواج کی واپسی کے بعد متعلقہ ممالک مشترکہ سکیورٹی فریم ورک فراہم کر سکتے ہیں۔ پاکستان مدِمقابل ممالک کو ایک میز پر بٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس معاملے کو محض معاشی تعلق کی عینک سے دیکھنا درست نہیں۔ معاشی تعاون اس کے ذیل میں ضرور آسکتا ہے، مگر بنیاد نہیں۔ چین میں ایک سفارتی خلش کا ذکر بھی سننے کو ملا۔ پاکستانی سفارتخانے کی نمائندگی چینی قومی دن کی تقریب میں نہیں ہوئی اور پاکستان کے قومی دن پر چینی نمائندگی بھی برسوںسے ختم ہے۔ بیجنگ ژیانگ شان فورم میں بھی پاکستان کی نمائندگی مطلوبہ سطح کی نہ تھی، جسے چینی حلقوں نے محسوس کیا۔

ستمبر 2026 میں منعقد ہونے والے 13ویں بیجنگ ژیانگ شان فورم میں سو سے زائد ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے وزرائے دفاع، فوجی سربراہان اور اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ بیجنگ سے تیانجن کا سفر ہوا تو چین کی صنعتی ترقی کا ایک اور باب سامنے آیا۔ تیانجن بندر گاہ جدید ٹیکنالوجی اور پائیداری کا نمونہ ہے ۔ وسطی ایشیا کو مکمل طور پر اور یورپ کو بھی بڑے پیمانے پر تجارت اسی بندر گاہ ہوتی ہے ۔ اس کا فری ٹریڈ زون ٹیکس سہولتوں اور آسان کسٹم کلیئرنس کے ذریعے عالمی تجارت کو فروغ دیتا ہے۔ سیکشن سی  ٹرمینل دنیا کا پہلا کاربن نیوٹرل ٹرمینل ہے، جو ہوا اور شمسی توانائی سے چلتا ہے۔ ہواوے نے  5جی اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے اسے اسمارٹ پورٹ بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

یہاں کرینیں اور گاڑیاں بغیر ڈرائیور چلتی ہیں اور کمپیوٹرز و روبوٹس بیشتر کام سنبھالتے ہیں۔ ہواوے کا  OptVerse AI Solver مہینے بھر کی آپریشنل منصوبہ بندی اور لاکھوں پیرامیٹرز کی کیلکولیشن، جو پہلے 24 گھنٹے لیتی تھی، دس منٹ میں مکمل کرتا ہے۔  5 جی کلاؤڈ اور بیدو سیٹلائٹ نظام کرینوں، کیمروں اور روبوٹس کو سینٹی میٹر کی درستی سے منسلک رکھتے ہیں۔ آٹونومس ڈرائیونگ سافٹ ویئر کے تحت سو سے زائد ڈرائیور لیس روبوٹک گاڑیاں مقناطیسی ٹریک کے بغیر چلتی ہیں۔ کرینیں ریموٹ کنٹرول سے اور گیٹس خودکار اسکیننگ سے کام کرتے ہیں۔ نتیجہ یہ کہ افرادی قوت میں 60 فیصد بچت اور کارکردگی میں 55 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گویا مشین نے وقت کو بھی اپنی ملازمت پر رکھ لیا ہے۔ تیانجن شہر بھی کم دل آویز نہیں۔ امریکہ سے چین اور پھر چین سے واپسی کے اس سفر نے یہی باور کرایا کہ دنیا بدل رہی ہے، طاقت کے مراکز نئے توازن تلاش کر رہے ہیں اور آنیوالا وقت نعروں سے زیادہ بصیرت، جذبات سے زیادہ حکمتِ عملی اور دعوؤں سے زیادہ عملی کردار کا تقاضا کرتا ہے۔

دوستی کا چراغ اسی وقت روشن رہتا ہے جب دونوں طرف سے اس میں اعتماد، اخلاص اور عمل کا تیل ڈالا جاتا رہے۔

(بشکریہ: روزنامہ جنگ)