جے یو آئی تحریک انصاف کے راستے پر؟

مولانا فضل الرحمن سے خیر خواہی یہ نہیں کہ ان کے تلخ ہوتے لہجے پر ’واہ مولانا‘ کے رجز پڑھے جائیں بلکہ ان سے خیر خواہی یہ ہے کہ ان سے کہا جائے: مولانا، رک جائیے۔ واہ واہ کرکے جو لوگ آدمی کو بند گلی تک پہنچا آتے ہیں، وہ اس گلی کی تاریکی میں کبھی ہم سفر نہیں بنتے۔ وہ لوٹ جاتے ہیں۔

جے یو آئی اس راستے پر جا رہی ہے جس پر کبھی تحریک انصاف گئی تھی۔ وہاں بھی یہی عالم تھا کہ تحریک انصاف غلطیوں پر غلطیاں کرتی چلی گئی اور ہر غلطی کو کپتان کا ’ماسٹر اسٹروک‘ قرار دے کر اس کے قصیدے پڑھے گئے۔ یہاں بھی یہی ہو رہا ہے کہ ہر غیر ضروری شعلہ بیانی پر ’واہ مولانا‘ کی صدائیں اٹھ رہی ہیں۔

تحریک انصاف کو بھی کارکنان کی قوت کا بڑا زعم تھا، جے یو آئی بھی اپنے رضاکاروں کی ہمت و جرأت کے ترانے پڑھ رہی ہے۔ تحریک انصاف نے بھی سیاست کو بصیرت کی بجائے طاقت کا میدان سمجھ لیا، جے یو آئی بھی یہی غلطی کر رہی ہے۔ تحریک انصاف نے بھی سیاسی شکووں کا مخاطب حکومت کو بنانے کی بجائے ریاست ہی کو سینگوں پر لینے کا بلنڈر کیا، یہی بلنڈر جے یو آئی بھی کر رہی ہے۔ تحریک انصاف اندھی کھائی میں جا کر گر گئی، جے یو آئی اسی سمت میں رواں دواں ہے۔

مولانا کی اصل قوت کیا ہے؟ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ یہ قوت ان کے کارکنان ہیں تو یہ حماقت کی حد تک بڑی غلط فہمی ہے۔ یہ کوئی ایسی بڑی قوت نہیں جس کے بل بوتے پر ایسا غیر حکیمانہ بیانیہ کھڑا کیا جائے۔ یہی حال رہا تو یہ قوت فردِ جرم بن جائے گی۔ اصل قوت مولانا کی سیاسی بصیرت تھی۔ سیاست میں اونچ نیچ آتی ہے۔ حالات سازگار بھی ہوتے ہیں اور ناسازگار بھی۔ موقف درست بھی ہو سکتا ہے اور غلط بھی۔ تلخی کا جواز ہو بھی سکتا ہے اور نہیں بھی۔ مولانا کا امتیازی وصف یہ تھا کہ وہ ہر حال میں استدلال اور توازن کے آدمی تھے۔ تھوڑے کہے کو بہت جانیں، مولانا کی تلخ نوائی نے مولانا کے اسی بھرم کو نقصان پہنچایا ہے۔ یہ کوئی معمولی نقصان نہیں ہے۔

مولانا جوں جوں اشتعال کی طرف جا رہے ہیں، وہ اس قوت سے محروم ہو رہے ہیں جو ان کی اصل طاقت تھی۔ انہوں نے اس قوت کو برف کا باٹ بنا کر دھوپ میں رکھ دیا ہے۔ ان کے پاس اپنی ناراضی کے ایک ہزار اسباب ہو سکتے ہیں اور وہ درست بھی ہو سکتے ہیں۔ لیکن مولانا نے ریاست کے حوالے سے جو لب و لہجہ اختیار کیا ہوا ہے، اس کا نہ کوئی جواز ہے، نہ کوئی عذر۔ کبھی ریاست پر تھو تھو، کبھی شہدا پر طنز، کبھی ایک طعنہ، کبھی دوسرا طعنہ۔ یہ بالکل غلط اور نامناسب رویہ ہے۔ یہ بالکل غیر حکیمانہ اور غیر منطقی رویہ ہے۔ ’واہ مولانا‘ کے شور میں جے یو آئی کے دوستوں کو یہ بات بالکل اچھی نہیں لگے گی، لیکن بات یہی ہے اور خیر خواہی بھی یہی ہے کہ یہ بات تکرار کے ساتھ کہی جائے، اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے۔

تحریک انصاف کا معاملہ اور تھا۔ سیاست میں اس کے کئی متبادل دستیاب ہیں۔ مولانا کا معاملہ بالکل مختلف ہے۔ مذہبی سیاست میں جے یو آئی وہ واحد جماعت ہے جس کی پارلیمان میں کوئی حیثیت ہے۔ اگر کسی لمحاتی اشتعال کی گرفت میں آ کر جے یو آئی اپنا نقصان کروا بیٹھتی ہے تو یہ صرف جے یو آئی کا نقصان نہیں ہو گا، یہ مذہبی سیاست کا مشترکہ نقصان ہو گا۔ پارلیمان سے مذہبی سیاست کا خاتمہ ہو جائے گا۔

جے یو آئی 9 مئی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ یہ کوئی دلاوری نہیں ہے۔ مفتی محمود مرکز کے معاملے کا حل یہ نہیں کہ کارکنان جمع کر لیے جائیں اور حکومت کو للکارا جائے کہ ہمت ہے تو آ کر خالی کروا لو۔ دلاوری یہ ہے کہ اگر یہ قبضہ نہیں ہے اور واقعی یہ جے یو آئی کی ملکیت ہے تو اس کے کاغذات عدالت میں پیش کرکے حکمِ امتناع حاصل کیا جائے۔ ساتھ ہی اگر یہ کاغذات اہلِ صحافت اور سوشل میڈیا پر بھی شیئر کر دیے جائیں تو بہت اچھا ہو۔ لیکن اگر جے یو آئی یہ سمجھتی ہے کہ کارکنان کا جمِ غفیر زمین کی ملکیت کا متبادل ہو سکتا ہے تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔ یہ راستہ دلدل کا راستہ ہے۔

جے یو آئی کو دلدل کی بجائے دلیل کے راستے پر چلنا چاہیے۔

(بشکریہ: وی نیوز)