مولانا فضل الرحمان کی اصل طاقت
- تحریر سید مجاہد علی
- بدھ 11 / نومبر / 2026
اس وقت پاکستانی سیاست میں مولانا فضل الرحمان ہی تمام سیاسی گفتگو کا محور ہیں۔ میڈیا اس معاملہ کے ہر پہلو کو چھان پھٹک رہا ہے اور قارئین کو بتایا جارہا ہے کہ مولانا اپنی غیر روائیتی ترش روئی کی وجہ سے بند گلی میں جا کھڑے ہوئے ہیں۔ اور کچھ حلقے یہ بتا رہے ہیں کہ مولانا کی طرف سے اب ایک لوز بال کھیلنے کا انتظار کیا جارہا ہے تاکہ ان کے ساتھ بھی وہی سلوک کیا جائے جو عمران خان یا تحریک انصاف کے ساتھ کیا گیا تھا۔
مولانا فضل الرحمان پاکستانی سیاست میں معتبر مقام رکھتے ہیں اور انہیں ایسے زیرک سیاست دان کے طور پر جانا جاتا ہے جو ہمیشہ مدلل گفتگو کرتا ہے اور اختلاف کا اظہار بھی سوچ سمجھ کر نپے تلے الفاظ میں کرنے کے عادی ہیں تاکہ بات چیت اور مفاہمت کے دروازے کھلے رہیں۔ البتہ اس وقت عام طور سے یہ قیاس کیا جارہا ہے کہ مولانا نے کسی شدید کیفیت میں ریاست، اسٹبلشمنٹ اور شہدا کے بارے میں غیرمحتاط اور اشتعا ل انگیز گفتگو کی ہے۔ ان کی بعض باتوں سے اداروں کی ہتک اور ملک کی توہین کا پہلو نکلتا ہے۔ قیاس کیا جارہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان جیسا ہوشمند سیاستدان ایسا طرز تکلم اختیار کرنے سے گریز کرے گا۔ اسی لیے وزرا کی طرف سے چند جوابی حملوں کے بعد اب خاموشی اختیار کی گئی ہے جسے ملک کے متعد د تجزیہ نگارکسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ قرار دے رہے ہیں۔
ایک طرف یہ بتایا جارہا ہے کہ مولانا کا سیاسی سفر ختم ہوگیا اور اب انہیں ریاست/اسٹبلشمنٹ سے ٹکرانے کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔ اس کے کچھ آثار دکھائی بھی دینے لگے ہیں۔ ان کے گھر کے باہر تجاوزات کا نوٹس چسپاں کیا گیا ہے، ان کے زیر نگرانی مدرسوں کی چھان بین ہو رہی ہے اور جائز یاناجائز تعمیرات کا جائزہ لیا جارہا ہے اور ان کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر اسد محمود کو کرپشن کے الزامات میں نیب کی جانب سے نوٹس وصول ہورہے ہیں۔ نیب نے پہلے نوٹس کا جواب مسترد کرتے ہوئے اب اسد محمود کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ اسی طرح جمیعت علمائے اسلام کے بعض مدرسوں کی تعمیرات کے بارے میں بھی چھان پھٹک شروع ہوئی ہے اور دونوں طرف سے سخت بیانات کا تبادلہ بھی دیکھنے میں آیا۔ ریاست کے وہ سب ادارے جوعام حالات میں ہاتھی گزرنے کی بھی پروا نہیں کرتے اب مولانا کی آنکھ کا تنکا بھی شہتیر بنا کر پیش کرنے کے ایسے طریقے اختیار کرتے دکھائی دیتے ہیں جو ماضی میں متعدد مخالف سیاسی لیڈروں کے بارے میں برتے جاچکے ہیں۔ البتہ مولانا فضل الرحمان کو اس کا پہلی بار تجربہ ہورہا ہے۔ اس لیے اگر وہ اپنی جگہ پر مزید ناراض یا پریشان ہیں تو یہ قابل فہم ہونا چاہئے۔
اسی دوران تحریک انصاف اور اس کی حلیف جماعتیں و لیڈر مولانا کی اس ’بغاوت‘ کو جمہوریت کی خدمت قرار دے کر کسی بھی طرح انہیں اپنے ساتھ ملا نا چاہتے ہیں تاکہ حکومت مخالف تحریک پرجوش طریقے سے چلائی جاسکے۔ یہ خیال کیا جارہا ہے کہ اگر مولانا فضل الرحمان نے تحریک انصاف یا تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ساتھ الحاق کرنے اور مل کر چلنے کا فیصلہ کیا تو ملک میں بڑے پیمانے پر سیاسی ہل چل دیکھنے میں آئے گی جس کے نتیجے میں موجودہ حکومت سے نجات مل جائے گی۔ البتہ دوسری طرف یہ خیال بھی عام کیا جارہا ہے کہ اگر مولانا نے اب مزید غلطیاں کیں اور کارکنوں کی طاقت کے زعم میں ویسی ہی ٹھوکر کھابیٹھے جو عمران خان اور تحریک انصاف سے سانحہ 9 مئی کے دوران کھائی تھی تو ان کا انجام بھی عمران خان سے مختلف نہیں ہوگا۔ ایسے میں اہم سوال یہ ہے کہ کیا مولانا ارادی یا غیر ارادی طور پر کوئی ایسا لائحہ عمل اختیار کرسکتے ہیں جو انہیں طاقت کے ان سرچشموں سے دور لے جائے جن کی وجہ سے وہ آج تک پاکستانی سیاست میں روشن ستارے کی مانند دمکتے رہے ہیں۔
اس کا جواب جاننے کے لیے سب سے پہلے تو یہ دیکھنا ہوگا کہ مولانا فضل الرحمان کا اصل شکوہ کیا ہے۔ وہ کون سی وجوہات ہیں جن کی وجہ سے انہوں نے اسٹبلشمنٹ کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی ہے۔ بظاہر مولانا اس امر پر ناراض و نالاں ہیں کہ خیبر پختون خوا میں منتخب حکومت کو ختم کیا گیا ہے حالانکہ وزیر اعظم نے انہیں تحریک انصاف کے ساتھ مصالحت کا مشن سونپا تھا۔ تاہم یہ وجہ اتنی اہم نہیں ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنا پورا سیاسی سرمایہ اس میں جھونک کر مرنے مارنے پر تیار ہوجاتے۔ ان کی ناراضی کا سراغ لگانے کے لیے تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے بعد سے رونما ہونے والے سیاسی حالات کا جائزہ لینا ہوگا۔ خاص طور سے فروری 2024 کے انتخابات اور ان کے نتائج مولانا اور جمیعت علمائے اسلام کے لیے مایوس کن تھے جبکہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کو ایسی ہی سیاسی صورت حال کے باوجود انتخابی کامیابی دلوائی گئی۔ مولانا کا خیال ہے کہ انہیں بھی خیبر پختون خوا میں زیادہ حصہ ملنا چاہئے تھا تاکہ وہ مسلسل تحریک انصاف کے لیے چیلنج بن سکتے اور اپنے سیاسی گڑھ کی حفاظت کرپاتے۔ اس کے بعد انہیں اگرچہ کچھ سہولتیں مثلاً مخصوص نشستوں میں حصہ دیا گیا لیکن حکومت یا پارلیمانی معاملات میں کوئی بااثر پوزیشن نہیں مل سکی۔ اس طرح ان کی شکایات جمع ہوتی رہیں اور خیبر پختون خوا میں گورنر راج کے موقع پر بند ربانٹ کرتے ہوئے بھی انہیں نظر انداز کردیا گیا۔ گویا ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔
مولانا کی شدید ناراضی اور سخت بیانات کے ایک معنی تو یہ ہوسکتے ہیں کہ وہ اس سیاسی سختی سے خیبر پختون خوا میں اسٹبلشمنٹ مخالف ووٹر کو متاثر کرکے کسی آئیندہ انتخابات کے لیے اپنی سیاسی پوزیشن مستحکم کرسکیں۔ اسٹبلشمنٹ اس اسکیم میں مولانا کی حصہ دار ہوسکتی ہے اور اگر محض قیاسات کی بنیاد پر نتائج اخذ کرنے کی کوشش کی جائے تو ان کے خلاف ہونے والی کارروائیاں بھی مولانا کو ایک ’مزاحمتی‘ قوت بناکر پیش کرنے کے لیے کی جارہی ہوں۔ دستیاب حقائق کی بنیاد پر تو یہ تجزیہ نہیں کیا جاسکتا لیکن پاکستانی عوام نے ماضی میں عدلیہ تحریک کی صورت میں ایسی انقلابی ’جد و جہد‘ کا مشاہدہ کیا ہے جو اسٹبلشمنٹ ہی اسٹبلشمنٹ کو کمزور کرنے کے لیے چلا رہی تھی لیکن اس کا مقصد پرویز مشرف کے اختیار ات کم کرنا تھا۔ اس بار یہ ٹارگٹ تحریک انصاف کی مقبولیت ہوسکتی ہے۔
مولانا کے درشت اور کسی حد تک غیر مصالحتی رویہ کی دوسری وجہ ان کا اپنی سیاسی طاقت پر غیر معمولی انحصار ہوسکتا ہے۔ مولانا ماضی میں اپنے نام نہاد کارکنوں اور درحقیقت اپنے زیر نگرانی چلنے والےمدارس کے طلبہ کی بنیاد پر لانگ مارچ کرنے اور احتجاج رجسٹر کرانے یا اپنی سیاسی طاقت منوانے کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے اس سلسلہ میں آخری قابل ذکر کامیابی جولائی 2024 میں پاکستانی سپریم کورٹ کو مبارک ثانی کیس میں اپنا فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور کرکے حاصل کی تھی۔ اس وقت ریاست نے سپریم کورٹ کی بجائے مولانا فضل الرحمان کی تائید کرنا بہتر سمجھا اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں بنچ کو ایک احمدی شہری کی درخواست ضمانت قبول کرنے اور اسے رہا کرنےکا حکم واپس لینا پڑا۔ مولانا فضل الرحمان نے بعد میں اسے عقیدہ ختم نبوت کی فتح قرار دیا اور کامیابی کا اعلان کرنے کے لیے ’یوم تشکر‘ منایا تھا۔
مولانا فضل الرحمان نے خود کو اگرچہ ذمہ دار مذہبی سیاست دان کے طور پر پیش کیا ہے اور طالبان کی دہشت گردی کے دوران سخت مؤقف اختیار کرنے پر دہشت گردوں کے ہاتھوں اپنے پارٹی لیڈروں کو بھی گنوایا لیکن ان کی اصل سیاسی طاقت ہمیشہ مذہبی جذبات کو ہوا دینا ہی رہی ہے۔ وہ اسی بنیاد پر سیاست میں اہم سمجھے جاتے رہے ہیں اور اسی لیے ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ریاست کو سوچنا پڑے گا کہ ایسا کوئی اقدام کس حد تک صرف سیاسی تنازعہ کا حل سمجھا جائے گا اور ملک کا ایک طبقہ اسے مذہب پر حملہ قرار دے کر احتجاج کا راستہ اختیار نہیں کرے گا۔ ریاست پاکستان نے گزشتہ چند دہائیوں سے انتہا پسند مذہبی عناصر کے ساتھ مفاہمانہ رویہ اختیار کیا ہے اور بیشتر مواقع پر پسپائی اختیار کرکے ان قوتوں کو من مانی کرنے کا موقع بھی دیا گیا ہے۔ اگر ریاست کے کچھ عناصر اب بھی وہی حکمت عملی اختیار کرتے ہیں تو مولانا فضل الرحمان سے نمٹنا آسان نہیں ہوگا۔ البتہ اگر ریاست کی طاقتیں یہ حتمی فیصلہ کرلیں کہ ملک کے مذہبی لیڈروں کو مذہب کی بنیاد پر ریاست اور حکومت کو بلیک میل کرنے اور ناجائز مطالبے منوانے کا موقع نہیں دیاجائے گا تو مولانا فضل الرحمان کے لیے ’مزاحمتی ‘ سیاست کا راستہ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان کی اصل طاقت نہ تو ان کی سیاسی زیرکی ، سوجھ بوجھ یا تحمل ہے اور نہ ہی مدرسوں کے طالب علم یا پارٹی کارکن جو ان کے لیے جان قربان کرسکتے ہیں۔ ان کی اصل طاقت مذہبی جذبات ابھار کر ملک میں فساد پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔ ایسے کسی موقع پر انہیں ان مذہبی لیڈروں کی حمایت بھی حاصل ہوجائے گی جن کا بظاہر سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اسی کا مظاہرہ جولائی 2024 میں سپریم کورٹ پر دھاوے کےدوران دیکھنے میں آیا تھا۔ اب ریاست کو سوچنا ہے کہ اس نے مذہب کے نام پر بلیک میلنگ کا دروازہ ہمیشہ کے لیے بند کرنا ہے یا مولانا فضل الرحمان جیسے کرداروں کو اپنے زیر سایہ رکھ کر معاملات چلانے کی کوشش کی جائے گی۔