عمران خان کی بہنوں عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو رہا کر دیا گیا

  • جمعرات 12 / نومبر / 2026

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہنوں کے وکیل رانا مدثر نے کہا ہے کہ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں نظربند نورین نیازی اور عظمی خان کو رہا کر دیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت جاری حکم نامہ واپس لیے جانے کے بعد دونوں بہنوں کی رہائی عمل میں لائی گئی ہے اور اب وہ اپنے گھر پہنچ گئی ہیں۔ تاہم وکیل کا کہنا ہے کہ عمران خان کی تیسری بہن علیمہ خان اب بھی جیل نظر بند ہیں۔

عمران خان کی تین بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو ستمبر 2026 میں اُس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب پاکستان تحریک انصاف اپنے مطالبات کے حق میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی تیاریوں میں مصروف تھی۔ علیمہ خان کو 20 ستمبر جبکہ عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو 21 ستمبر کو پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) آرڈیننس 1960 کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر اُن کی نظر بندی 30 دن کے لیے منظور کی گئی تھی۔ تاہم سات اکتوبر کو کوٹ لکھپت جیل میں اُن کی حراست میں مزید 30 دن کی توسیع کر دی گئی تھی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے 20 ستمبر کو جاری کیے گئے ایک حکمنامے میں عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کو تھری ایم پی او کے تحت 30 روز کے لیے حراست میں لیے جانے اور نظر بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس سے قبل ایسا ہی حکمنامہ علیمہ خان کے حوالے سے بھی جاری کیا گیا تھا۔

اس حکمنامے میں پولیس اور ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس برانچ کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ 'نورین نیازی اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کی سرگرمیاں عوامی تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے نقصان دہ ہیں۔ پولیس کی جانب سے اُن پر نو مئی کے احتجاج اور سڑکوں کی بندش میں ملوث ہونے، کارکنوں کو سرکاری و عوامی املاک کو نقصان پہنچانے پر اُکسانے اور سوشل میڈیا و عوامی اجتماعات کے ذریعے کارکنوں کو دوبارہ متحرک کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔'