نئے صوبوں پر ریفرنڈم کرالیں، عوام نہیں چاہتے تو نہ بنائیں: محسن نقوی

  • جمعرات 12 / نومبر / 2026

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کرالیں، اگر عوام نہیں چاہتے تو میں بھی کہوں گا کہ صوبے نہ بنائیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں نئے صوبوں کے حوالے سے عوامی سروے دیکھ لیں، عوامی سروے نئے صوبوں کے حق میں آ رہے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کہا ملک میں سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے، میری ذاتی رائے ہے کہ تمام چیزیں ری سیٹ ہونی چاہئیں۔  میری اور بلاول بھٹو صاحب کی رائے ایک جیسی ہے، سسٹم تو سارے کا سارا ٹھیک ہونے والا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ابھی مولانا کے 6 سے 7 لوگوں کو نوٹس جاری ہوئے ہیں، مولانا کو نوٹس جاری نہیں ہوا۔ اگر کوئی کہہ رہا ہے کہ ملک میں کرپشن نہیں تو معذرت کے ساتھ کرپشن موجود ہے، جہاں کرپشن ہے اسے تسلیم کرنا اور درست کرنا ہوگا۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے جو قانونی حقوق بنتے ہیں وہ انہیں ملیں گے۔

لاہور میں این سی سی آئی اے کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ صوبوں کے حق میں عوامی سروے تو آگئے ہیں۔ سیاسی جماعتیں عوامی رائے کا احترام کرتے ہوئے ریفرنڈم کروالیں۔

 انہوں نے کاہ کہ تمام جماعتوں کی ’رائے بالکل ضروری ہے‘ جس کو رد نہیں کیا جاسکتا۔ مگر صوبوں کے معاملے کا بہترین حل ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی رائے لینا ہے کیونکہ سروے کے نتائج سے تو واضح ہے کہ عوام کی اکثریت صوبے بنانے کے حق میں ہے۔

 وزیرداخلہ نے کہا کہ ہم سب جمہوریت اور عوام کی بالادستی کی بات کرتے ہیں۔ اگر عوام صوبوں کے حق میں رائے دیں تو اسے تسلیم کیا جانا چاہیے۔ پیپلز پارٹی کی اپنی مرضی ہے، وہ عوام کی رائے لے یا اگر اس سے بہتر کوئی راستہ سمجھتی ہے تو وہ اختیار کرے۔